توقیرناصرنے چیئرمین بورڈآف گورننگ الحمراکاچارج سنبھال لیا
لاہور(کلچرل رپورٹر)ملک کے نامور اداکار توقیر ناصر نے لاہور آرٹس کونسل الحمراء کے بورڈ آف گورننگ کے چیئرمین کا چارج سنبھال لیا ہے ۔انھیں الحمراء کمیٹی روم میں الحمراء آرٹس کونسل کے حوالے سے تمام امور سے متعلق بریفنگ دی گئی۔انھوں نے ادب و ثقافت کی ترقی و ترویج کیلئے بھرپور کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ ادھرلاہورآرٹس کونسل الحمراء کے زیر اہتمام گوشۂ گیان کی چھٹی نشست میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء کیپٹن (ر)عطاء محمد خان نے الحمراء آرٹس کونسل کے نئے تعینات ہونے والے بورڈ آف گورنز کے چیئرمین توقیر ناصر کو خوش آمدید کہا ۔انھوں نے کہا کہ بطور قوم آگے بڑھنے کا راز آرٹسٹ کی عزت میں پنہاں ہے یہ ایک حقیقت ہے الحمراء میں آرٹسٹ کو بہت عزت دی جاتی ہے ۔ انھوں نے گوشۂ گیان کی چھٹی نشست کے مہما ن سید نورکی پاکستانی فلم انڈسٹری کے لئے کی جانے والی خدمات کو سراہا ۔چیئرمین الحمراء توقر ناصر نے گوشۂ گیان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہاں بے شمار آرٹسٹ کو دیکھ کر خوشی ہے ،ایگزیکٹوڈائریکٹر لاہورآرٹس کونسل الحمراء کیپٹن(ر)عطاء محمد خان کے ساتھ مل کر کام کریں گے ،جتنا کام یہ کرچکے ہیں وہ قابل ستائش ہے ۔انھوں نے کہا کہ ہم آرٹسٹوں کے لئے الحمراء آرٹس کونسل میں ریڈ کارپٹ بچھا دیں گے ۔نامور فلم ڈائریکٹر سید نور نے فلم کے عروج و زوال کے اسباب پر سیر حاصل گفتگو کی اور اس شعبہ کے مستقبل کے چیلنجز سے متعلق نوجوانوں کو آگاہ کیااور سامعین کے سوالوں کے جواب دیئے ۔ تقریب میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایڈمن آفتاب احمد انصاری، نامور فلم ڈائریکٹر حسن عسکری سمیت عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کی نظامت کے فرائض نیاز حسین لکھویرا نے ادا کئے ۔