’’ انتخابی قانون سازی ‘ ‘ کیلئے پنجاب اسمبلی قواعد معطل کرنیکا فیصلہ
لاہور(گوہر علی)پنجاب اسمبلی میں ’’ انتخابی قانون سازی ‘ ‘ کیلئے ایوان کے قواعد و ضوابط معطل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ۔ عام انتخاب قریب ہونے کی وجہ سے پنجاب اسمبلی میں قانون سازی کے انوکھا طریقہ کو اختیار کرتے ہوئے کنٹریکٹ سرکاری ملازمین کو فائدہ پہنچانے کیلئے بھی بل پیش کرتے ہی قائمہ کمیٹی کو بھیجے بغیر فوری منظور کرلیا جائیگا۔ذرائع نے بتایا کہ یہ انتخابی قانون سازی ہے جسکا مقصد عام انتخاب کے موقع پر سرکاری ملازمین کی ہمدردیاں حاصل کرنا ہے ۔ قواعد و ضوابط معطل کرنے کی تحریک ایک صوبائی وزیر پیش کرینگے جس کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی میں ’’انتخابی قانون سازی ‘ ‘ ہوگی۔ بل کو دی پنجاب ریگولیشن آف سروس بل 2018کا نام دیا گیا ہے ۔گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے ایجنڈے پر چار بل رکھے گئے تھے پھر اچانک تین مزید بل ایجنڈے پر رکھے گئے اور آج کے ایجنڈے پر کل سات بل موجود ہیں۔ محکمہ قانون و پارلیمانی امور پرپنجاب ہنگا می طو پر قانون سازی کرانے کیلئے غیر معمولی طو رپر متحرک ہو گیا اور زیر التوا بل فوری طور پر ایجنڈے پر لائے جارہے ہیں ۔ دوسری جانب اپوزیشن ارکان نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں حکومت کی چلنے دینگے نہ قواعد معطل کرکے قانون سازی ہونے دینگے ۔ ’’ انتخابی قانون سازی ‘ ‘ کرکے بھی ن لیگ پنجاب میں کامیابی حاصل نہیں کرسکے گی۔