2 9 A M A N Z O R

g n i d a o l

190 ملین پاؤنڈکیس: بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کی وارننگ

05-11-2024

اسلام آباد،لاہور(نیوز ایجنسیاں،نامہ نگار خصوصی،نیٹ نیوز)عدالت نے 190 ملین پاؤنڈز کیس میں بشریٰ بی بی کے وکیل کو جرح کا حق ختم کرنے کی وارننگ دیتے ہوئے کہا ہے اگلی سماعت پر جرح نہ کی تو جرح کا حق ختم کردیں گے ۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف ریفرنس کی سماعت اڈیالہ جیل میں جج ناصر جاوید رانا نے کی، عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جبکہ بشریٰ بی بی پیشی کیلئے اڈیالہ جیل پہنچیں، بشریٰ بی بی کے وکیل عثمان گل مصروفیات کے باعث پیش نہ ہوئے ۔معاون وکیل فیصل چودھری کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی، نیب پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست کی مخالفت کی گئی۔عدالت نے وکلاء صفائی کو بدھ کے روز 10 بجے تک جرح مکمل کرنے کا آخری موقع دیدیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آبادنے عمران خان اور بشریٰ بی بی کی 7 مقدمات میں ضمانتوں کی درخواستوں پرفیصلہ اٹھارہ نومبر تک محفوظ کرلیا۔ وکیل سلمان صفدر نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت سختی سے حکم دے تب بانی پی ٹی آئی کو وڈیو لنک کے ذریعے پیش کیا جائے گا۔جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ ڈیڑھ سال تک آپ نے کیا تفتیش کی، وہ بھی پیش کریں۔ آپ کا الزام ہے کہ رسید جعلی ہے ۔ پراسیکیوٹر نے کہا صفحہ مثل میں لکھا ہے رسید الیکشن کمیشن میں پیش کی۔ جج نے پوچھا کیا آپ الیکشن کمیشن گئے ، انہوں نے کیا کہا، پراسیکیوٹر نے کہا الیکشن کمیشن نے کہا کہ یہ رسید توشہ خانہ میں پیش کی گئی۔جج نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا آپ نے کیا تفتیش کی؟ اگر قانون پر چلوں تو آپ کون ہوتے ہیں مقدمہ درج کرنے والے ؟۔ جعلی رسید کہاں پیش کی کوئی تو ثبوت دیں،جیل سپرنٹنڈنٹ کو کہیں کہ اگر بانی پی ٹی آئی کو پیش نہ کیا تو آپ کو ادھر کھڑا ہونا پڑے گا۔عدالت نے 18 نومبر کو بانی پی ٹی آئی کی وڈیو لنک کے ذریعے ہر صورت حاضری یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر ایف آئی اے کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی، کیس کی آئندہ تاریخ رجسٹرار آفس مقرر کرے گا۔انسداد دہشتگردی عدالت اسلام آباد نے پی ٹی آئی رہنما اعظم سواتی کی 8 کیسوں میں ضمانت منظور کرتے ہوئے فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا۔اسلام آباد ہائیکورٹ میں اعظم سواتی کے عدالتی اوقات کے بعد دیئے گئے جسمانی ریمانڈ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے پراسیکیوٹر جنرل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا آپ دیکھ لیں اپنے آفس سے متعلق کیا کارروائی کرنی ہے ،پراسیکیوٹر جنرل نے کہامیں نے باقاعدہ چیک کیا لیکن کوئی نوٹس ہمیں موصول نہیں ہوا تھا، عدالت نے رجسٹرار ہائیکورٹ کو نوٹسز پراسیکیوٹر جنرل آفس سمیت فریقین کو موصول ہونے سے متعلق انکوائری کا حکم دے دیا۔انسداد دہشت گردی عدالت لاہور نے زمان پارک اور مغلپورہ میں پولیس کی گاڑیاں جلانے کے مقدمات کی سماعت 11 نومبر تک ملتوی کرکے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پرملزمان کو چالان کی کاپیاں دی جائیں گی، عدالت نے تھانہ شادمان نذر آتش سمیت چار مقدمات کی سماعت 7 نومبر تک ملتوی کرکے گواہان کو شہادت کیلئے طلب کر لیا ،خدیجہ شاہ اور روبینہ جمیل سمیت دیگر ملزمان حاضری کیلئے پیش ہوئے جبکہ صنم جاوید پیش نہیں ہوئیں، شاہ محمود قریشی سمیت دیگرزیر حراست ملزمان کی جیل میں حاضری مکمل کی گئی۔ شاہ محمود قریشی، عمر سرفراز،ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری اور میاں محمود الرشید جیل میں ہیں جبکہ تھانہ شادمان جلاؤ گھراو کے مقدمہ میں 41 اور راحت بیکری کے سامنے پولیس گاڑی جلانے کے کیس میں 51 جبکہ جناح ہاؤس کے قریب پولیس چوکی جلاؤ گھراؤ کیس میں 46 ملزمان کے خلاف ٹرائل جاری ہے ۔