کانپور( ویب ڈیسک) بھارت میں ایک لڑکے لڑکی کو ایک دوسرے سے فیس بک پر محبت ہوئی جو شادی تک جا پہنچی مگر آپ یہ سن کر افسردہ رہ جائیں گے کہ شادی کے دن معمولی جھگڑا ہونے پر دولہا دلہن دونوں نے زہر کھا لیا۔ ٹائمز آف انڈیا کے مطابق یہ واقعہ بھارتی شہر کان پور میں پیش آیا ہے جہاں شادی کے دن اپنی دلہن سے جھگڑے کے بعد پہلے دولہا نے زہر پیا اور پھر دلہن نے بھی صدمے میں زہر کی شیشی منہ کو لگا لی۔ رپورٹ کے مطابق دونوں کو فوری طور پر ایل ایل آر ہسپتال لیجایا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے تاہم دونوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے اور ان کے خاندان ان کی زندگیوں کے لیے دعائیں مانگ رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تاحال ہم یہ سمجھنے سے قاصر ہیں کہ دولہا دلہن نے اپنی شادی کے دن یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔حتمی طور پر کسی کو معلوم نہیں کہ ان کے درمیان کیا بات ہوئی تھی۔