واشنگٹن( ندیم منظور سلہری سے ) افواج پاکستان کی جانب سے اظہار یکجہتی کے طور پرامریکی مسلح افواج کو طبی حفاظتی سامان کا تحفہ پیش کیا گیا، طبی سامان اسلام آباد سے پاک فضائیہ کے سی -130 طیارہ کے ذریعے میری لینڈ کے اینڈریوایئر فورس بیس پہنچا، اس موقع پر پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان،سفارتخانے کے اعلی حکام، امریکہ کے قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری برائے دفاع و انڈو پیسیفک سیکیورٹی امور ڈیوڈ ہیلوے ، ڈائریکٹر ریجنل افئیرز برائے ڈپٹی انڈر سیکرٹری آف ائیر فورس انٹرنیشنل افئیرز بریگیڈیئر جنرل میتھیو ازلر اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے ۔ پاکستانی سفیر ڈاکٹر اسد مجید خان نے کہا یہ اقدام قدرتی آفات سے نمٹنے میں دونوں ممالک کی مسلح افواج کے مابین دیرینہ اور قریبی تعاون کا مظہر ہے ۔انہوں نے دو نوں ممالک کے عوام اورمسلح افواج کے مابین تاریخی اور دیرینہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا دونوں ممالک کی مسلح افواج نے "دہشت گردی کے خلاف عالمی جنگ" کا اکٹھے مقابلہ کیا ہے ، پاکستان اور امریکہ کوویڈ- 19 جیسے وبائی مرض کے خلاف بھی ایک ساتھ مصروف عمل ہیں۔ امریکی حکام نے پاک فوج کی جانب سے غیر معمولی طبی سامان کے عطیہ پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پاک امریکہ تعلقات ہر مشکل گھڑی میں پہلے سے زیادہ مضبوط ہوئے ہیں۔امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے بھی طبی آلات کے عطیہ پر پاکستان سے اظہار تشکر کیا ہے ۔