لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)امیر جماعت اسلامی ڈاکٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات کو دھاندلی سے پاک رکھنے کیلئے اور عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ایک میکانزم ،لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے ،اگر یہی سسٹم رہا تو انتخابات میں جیتنے والا تو خوش ہوگا مگر ہارنے والے اسے تسلیم نہیں کرینگے ۔پروگرام دی لاسٹ آور میں اینکر پرسن یاسر رشید سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اے پی سی اپوزیشن کا حق ہے ، ہمارا گلہ یہ ہے حکومت کو ان اپوزیشن جماعتوں نے دو سال کے عرصے میں سپورٹ کیا ہے ،اب ہمیں ایک حقیقی تبدیلی کی ضرورت ہے اور یہ تبدیلی صرف جماعت اسلامی لاسکتی ہے ۔ن لیگ کے رہنما رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ شیخ رشید عسکری قیادت کے سپوکس پرسن بنے ہوئے ہیں اور اس طرح کی باتیں کرتے رہتے ہیں ،شہبازشریف کو ئی بھی کام نوازشریف سے اجازت ملنے پر کرتے ہیں،حکومتی کارکردگی سے مطمئن نہیں ۔وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان نے کہا ہے کہ اس آل شریف کی قسمت میں رسوائی اور جگ ہنسائی لکھ دی گئی ہے ،جھوٹ ، فریب، فراڈ اور غلط بیانی اس میں بیگم صفدر اعوان نے پی ایچ ڈی کی ہوئی ہے اور یہ جھوٹوں کی آئی جی ہیں۔ پاک سرزمین پارٹی کے رہنما ارشد وہرہ نے کہا ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹائون میں ایک ثبوت سامنے یہ آیا کہ میں بیٹھ کر چرس پی رہا تھا ،زبیر چریا بھی اس کے ساتھ بیٹھ کر چرس پی رہا تھا۔جب میں اوپر گیا تو مجھے ہر طرف زبیر ہی نظر آرہاتھا اور اس ہی بات کو ثبوت بنایا گیا ہے ۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار رانا محمد عظیم نے کہا کہ جب آپ ایک چالاک مجرم کو پکڑنے جاتے ہیں تو ایک لشکر کے ساتھ نہیں جاتے ، ایسا لگتا ہے کہ پولیس عابد کو گرفتار ہی نہیں کرنا چاہتی۔ 6مرتبہ ہی اسے ایک تھانیدار کے ڈرائیور نے چھڑایا ،کیا چھاپوں کی مخبری فراہم کرنے میں اس کا ہاتھ تو نہیں ۔