لاہور(وقائع نگار)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملاقات کی، دونوں رہنماؤں نے بھارتی فوج کی جانب سے شہری آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی شدید مذمت کی اور پاک فوج کی جرأت و بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ وزیراعلیٰ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے بھارت کے کئی فوجی جہنم واصل کرکے بزدل دشمن کو سبق سکھایا ، بھارت بے بنیاد الزامات کی آڑ میں شہری آبادی کو نشانہ بنا کر خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنا چاہتا ہے ۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے ،کشمیری جوانوں کی جدوجہد رنگ لائیگی ۔ وزیراعلیٰ کی زیرصدارت صوبائی کابینہ کمیٹی برائے امن و امان کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ کہا کہ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دینگے ۔ وزیراعلیٰ سے ڈاکٹر یاسمین راشد نے ملاقات کی،وزیر صحت نے ڈاکٹرز کی ہڑتال کے حوالے سے صورتحال سے آگاہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈاکٹروں کی ہڑتال سے مریض مشکلات کا شکار ہیں اور میرے لئے یہ تکلیف دہ امر ہے ۔ وزیراعلیٰ نے نئے ڈاکٹرز بھرتی کرنے کی منظوری دیتے ہوئے ہدایت کی کہ بھرتی کیلئے فی الفور اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے چہلم حضرت امام حسینؓ اور حضرت داتا گنج بخش ؒکے عرس کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات پر متعلقہ اداروں کی تعریف کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے میانوالی کے قریب ایمبولینس اورٹرالر کے حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔وزیر اعلی ٰ نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے سسٹم کے ذریعے اچانک رجسٹری برانچ ڈیرہ غازی خان کا ’’آن لائن وزٹ‘‘ کیا،سب رجسٹرار آفس میں غیر موجودگی اور عہدے کا بروقت چارج نہ لینے پر سب رجسٹرار عمران حمید کو معطل کرنے کا حکم دیدیا ۔وزیراعلیٰ زیر صدارت اجلاس میں کم آمدن افراد کیلئے نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم کے منصوبے پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا،اجلاس میں پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی کیلئے 50 کروڑروپے کے فنڈ جاری کرنے کی اصولی منظوری دی گئی ۔