اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کہا ہے کہ نیب انسانی حقوق کی دھجیاں بکھیر رہا ہے ، کوئی الزام ثابت کئے بغیر کسی شہری کے خلاف کردار کشی کی مہم اسکو ذہنی اذیت دینے کا حربہ ہوتا ہے ۔ نیب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کے خلاف حکومتی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے ۔ ایک بیان میں ڈاکٹر مہرین بھٹو نے کہا کہ شہزاد اکبر نامی نامعلوم شخص کس قانونی اور اخلاقی جواز کی بنیاد پر نیب کی ترجمانی کر رہے ہیں۔ نیب نیازی گٹھ جوڑ بے نقاب ہوچکا اور نیب گردی کے ذریعے بلاول بھٹو زرداری کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔