دوشنبے (مانیٹرنگ ڈیسک؍ ویب ڈیسک) ترک صدر رجب طیب اردوان نے دوشنبے میں عالمی سکیورٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں اور کشمیریوں کی خواہش کے مطابق حل ہونا چاہئے ۔انہوں نے کہا مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان دیرینہ تنازع ہے ، یہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کے بعد ہی حل ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے امریکہ کے القدس کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کے فیصلے پر ردِ عمل دیتے ہوئے کہا ہم ہٹ دھرمیوں پر مبنی پالیسیوں کو مسترد کرتے ہیں ،ہم اس تنازع پر اپنے مسلم ملک فلسطین کے ساتھ ہیں، مقبوضہ بیت المقدس فلسطین کا دل ہے ۔انہوں نے کہا ہمسایہ ملک شام میں جنگ کے خاتمے اور استحکام کے قیام کی بھرپور کوششیں کر رہے ہیں، شام کے مستقبل کو خطرے میں ڈالنے والی داعش، وائے پی جی، پی کے کے و دیگر تنظیموں کو بھاری نقصان پہنچایا ہے ۔شنگھائی کانفرنس کے دوران رجب طیب اردوان نے روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن سے مختصراً بات چیت کی جبکہ ایران کے صدر حسن روحانی سے بھی مذاکرات کئے ۔