لاہور(کامرس ڈیسک)رجسٹرار کو آ پر یٹو پنجاب ڈاکٹر فیصل ظہورنے کہا ہے کہ پاکستان بالخصوص صوبہ پنجاب میں کوآپریٹو اداروں کا کردار نمایاں رہا ہے موجودہ حکومت ان اداروں کو مزید فعال بانے کیلئے حتی الامکان کوشش کررہی ہے ۔ اس کا اظہار انہوں نے کارکنان امداد باہمی کے ایک وفد سے ملاقات میں کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب پراونشل کوآپریٹو بینک لمیٹڈسالانہ اربوں روپے کے قرضہ جات کوآپریٹو سوسائٹیز کے ذریعے کاشتکار / ممبران میں تقسیم کرتا ہے موجودہ حکومت نے صوبہ پنجاب کے 13بارانی اضلاع میں بلاسودٹریکٹرز تقسیم کئے ہیں تاکہ بارانی اضلاع کے کاشتکاران سے استفادہ کرکے اپنی معاشی حالت بہتر بناسکیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبہ بھر میں کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز بڑے شہروں میں عوام کومعیاری اورسستی رہائشی سہولیات فراہم کررہی ہیں اور محکمہ امداد باہمی پنجاب ممبران کے مفاد کیلئے ان کی موثرنگرانی کرتا ہے تمام کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز میں ڈینگی کنٹرول اور حکومت کے گرین پاکستان پروگرام کے حوالے سے شجرکاری مہم کو کامیاب بنانے کے عملی اقدامات کئے ہیں ۔تمام کوآپریٹو ہائوسنگ سوسائٹیز کو ایک بشر۔دوشجرکا پابندبنایا گیا ہے ۔