لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ حکومت نے فلورملز والوں سے بات چیت کرلی ہے حکومت نے 20کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت ہم چاہتے تھے کہ 850 میں فروخت ہو لیکن فلورملز والے زیادہ ریٹ چاہتے تھے ۔پروگرام دی لاسٹ آورمیں میزبا ن یاسر رشید سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ رٹ قائم کرنا اورقیمتیں کنٹرول کرنا حکومت کی ذمہ دار ی ہے ۔ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کریگی آٹے کی قلت پیدا نہیں ہوگی۔ چیئرمین فلورملزا یسوسی ایشن عبدالرؤف مختار نے کہاہے کہ ساری گندم حکومت کے پاس ہے ۔ کل سے لاہور کی پوری مارکیٹ میں آٹے کا تھیلا 860روپے میں ملے گا اور کوئی قلت نہیں ہوگی ہماری حکومت سے بات چیت ہوگئی ہے ۔ صدر پنجاب انجمن زمیندار جاوید ورک نے کہا ہے کہ حکومت نے جب اپنا کوٹہ پورا کرلیاہے تو پھر گندم کہاں گئی؟زمیندار نے گندم حکومت کودے دی ہے اگر حکومت سہولتیں دے تو زمیندار سستی گندم دینے کیلئے تیارہے ۔سینئر صحافی رانا عظیم نے کہاہے کہ حکومت خود ایک مافیا بن چکی ہے ، وزیراعظم نے آج پنجاب میں آٹے کی قیمت میں اضافے کا نوٹس لیا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم کے باوجود آج روٹی اور نان مہنگی قیمتوں پر مل رہا ہے ۔ موجودہ صورتحال میں اگروزیراعلیٰ سندھ گرفتار ہوجاتے ہیں لیکن ایک مہم چل سکتی ہے کہ سندھ کے ہی وزیراعلی کو کیوں گرفتارکیا جاتاہے ۔ جنوبی پنجاب کا نعرہ کئی سالوں سے لگ رہاہے پی ٹی آئی نعرے کو عملی جامہ پہنا رہی ہے ۔ اس کا کریڈٹ عثمان بزدار کو جاتاہے ۔ وزیرتوانائی سندھ امتیاز شیخ نے کہا کہ نیب پر بہت زیادہ سوالات اٹھ رہے ہیں کچھ بھی نہیں ہوگا۔ وزیراعلی سندھ نے کچھ غلط نہیں کیا کہ انہیں گرفتار کرلیا جائے وہ پورے ملک کو کورونا کی صورتحال میں لیڈ کررہے ہیں۔تحریک انصا ف کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا کہ میں اس بات سے اتفاق کرتاہوں کہ غیریقینی کی صورتحال نہیں ہونی چاہئے اگر سندھ میں اچھا کام ہوا ہے تو مجھے بھی ساتھ لیتے جانا ہم بھی کام دکھا دینگے ۔ ترجمان پنجاب حکومت ندیم قریشی نے کہاہے کہ جنوبی پنجاب کے لوگوں کیلئے یہ تاریخ سازلمحہ ہے اس کا سارا کریڈٹ وزیراعظم اوروزیراعلیٰ پنجاب کو جاتاہے ۔ق لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹرافضل نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبہ کا مطالبہ درست ہے اس سے کوئی اختلاف نہیں ۔