لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس نے کہا ہے کہ ججوں سے متعلق کیس کے بارے میں مجھے کوئی علم نہیں اس لئے کوئی تبصرہ نہیں کر سکتی، عدالتوں کا احترام ہونا چاہئے لیکن ن لیگ وہ جماعت ہے جس نے سپریم کورٹ پرحملہ کیا،شریف برادران کا یہ مسئلہ ہے جب انہیں این آراوملتا ہے تو چلے جاتے ہیں جب حکومت ملتی ہے تو پھرپاکستان آجاتے ہیں۔92نیوز کے پروگرام 92ایٹ 8 میں میزبان سعدیہ افضال سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا شہبازشریف کا باہر رہنے کا کوئی جواز نظرنہیں آتا، نواز شریف کے بیٹے ، بیٹی اور دیگر اہلخانہ انکی تیمارداری کر رہے ہیں تو کیابیٹی کا جانا ضروری ہے ۔ماہرقانون راجہ عامر عباس نے کہا اٹارنی جنرل کا استعفیٰ حکومت کیلئے انتہائی پریشان کن صورتحال ہے ، اب حکومت کو بہت سوچ سمجھ کرآگے جانا ہے ۔ن لیگ کے ر ہنما عطا اللہ تارڑ نے کہا یہ حکومت معاملات کو متنازعہ بنانے میں بہت صلاحیت رکھتی ہے ، اٹارنی جنرل کے استعفیٰ نے بہت سارے سوالات کو جنم دیا ہے ۔فواد چودھری جماعت میں جگہ بنانے کیلئے شوشے چھوڑتے رہتے ہیں۔شہباز شریف بہت جلد واپس آئینگے ۔پیپلزپارٹی کے رہنما صابر بلوچ نے کہا اس میں کوئی شک نہیں کہ انورمنصور خان سچ کہہ رہے ہونگے کیونکہ فروغ نسیم اور شہزاد اکبر کاماضی کا ریکارڈ کوئی خاص اچھا نہیں ۔مریم نواز کو جانے دیں، عمران خان پھر کہہ دیں کہ ان سے پھر ایک غلطی ہو گئی ہے ۔