پشاور (92نیوز ) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ ملک میں صوبوں کے اختیارات چھیننے اور صدارتی نظام کی بازگشت کا شدید ردعمل سامنے آئے گا ا، اٹھارویں ترمیم کے محافظ ہیں اور کسی بھی ایک شق کو چھیڑا گیا تو اے این پی سڑکوں پر ہوگی، پچاس لاکھ گھروں کا اعلان کرنے والا وزیرستان میں تباہ حال ہزاروں گھروں کی تعمیر کو یقینی بنائے ، ساہیوال میں پولیس گردی کی بدترین مثال قائم کی گئی ہے ، راؤ انوار کو سر عام پھانسی دی گئی ہوتی تو ساہیوال کے شہید خاندان کی زندگیاں بچ سکتی تھیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے باچا خان مرکز میں ہفتہ باچا خان اور ولی خان کے سلسلے میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اسفندیار ولی خان نے اپنے خطاب میں باچا خان اور ولی خان کی زندگی اور جدوجہد پر روشنی ڈالی اور آزادی کیلئے دی جانے والی قربانیوں پر انہیں خراج عقیدت پیش کیا ، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے خبردار کیا کہ ملک چلانے والے جس سمت میں جارہے ہیں اس کے بھیانک نتائج سامنے آئیں گے ۔ اسفندیار ولی خان نے مزید کہا کہاٹھارویں ترمیم کی مالی شق ختم کرنے کی سازش حکمرانوں کو بھاری پڑے گی ایسا کوئی بھی اقدام ہوا تو اے این پی سب سے پہلے سڑکوں پر ہوگی جس کی قیادت میں خود کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو قید کر کے علاج معالجے کی سہولت سے محروم کرنے والا عمران نیازی یاد رکھے کہ دنیا مکافات عمل ہے جیل جانے کی اگلی باری ا ن کی ہے ،افغانستان میں جاری امن مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ اسلام آباد میں متوقع مذاکراتی عمل میں افغانستان کے بغیر پاکستان ، امریکہ ، یو اے ای،سعودی عرب،کویت اور قطر شرکت کریں گے ، انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کی شرکت کے بغیر مذاکراتی عمل کا مستقبل تاریک ہو گا۔