لاہور ،گجرات،پشاور(جنرل رپورٹر ،اپنے خبر نگار سے ،ڈسٹرکٹ رپورٹر،نیوز رپورٹر) پنجاب اور خیبر پختونخوامیں ڈاکٹرز،عملہ کی مکمل ہڑتال رہی اوپی ڈیز بھی بند رہے جبکہ مریض سسکتے رہے ۔گجرات میں ڈاکٹرز نے بڑے احتجاج کی تیاریاں کرلیں حکومت نے بھی گرفتاریوں کا پلان بنا لیا ہے دوسری جانب خیبر پختونخوا نے ہڑتالی ڈاکٹرز کو رہا کردیا ۔لاہور سے اپنے خبر نگار سے کے مطابق وزیر صحت یاسمین راشد نے کہا کہ لاہور کے تمام بڑے ہسپتالوں میں علاج جاری ہے ،نجکاری نہیں انتظامی خودمختاری دی،شرپسندناکام ہونگے ۔جنرل رپورٹر کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زہر اہتمام دوسرے روز بھی او پی ڈیز میں مکمل جبکہ دیگر شعبوں میں جزوی ہڑتال جاری رہی ڈاکٹرز،نرسز ،پیرا میڈیکل سٹاف اور دیگر نے او پی ڈیز میں احتجاجی مظاہرے کئے دور دراز سے آنے والے مریض ہسپتالوں میں رل کر رہ گئے ۔ ینگ ڈاکٹرز ایسو سی ایشن پنجاب کے صدر ڈاکٹر قاسم اعوان نے کہا ہے کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف پورا پنجاب سراپا احتجاج ہے ۔اپنے خبر نگار سے کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے ہڑتال کے باوجود لاہور جنرل ہسپتال میں گردوں کے عارضہ میں مبتلا 65 مریضوں کے ڈائیلسز کر کے ان کی صحت کو مزید خراب ہونے سے بچالیا گیا۔ دوسری جانب ہڑتال کی وجہ سے ٹیچنگ ہسپتالوں میں مریضوں کو ہونے والی پریشانی کے پیش نظر پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر 200 ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی خدمات سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیر ڈیپارٹمنٹ کو دے گا،محکمہ پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر میں ہنگامی مرکز تعاون بھی قائم کر دیا گیا ہے ۔وزیر صحت کے مطابق لاہور کے تمام بڑے ہسپتالوں میو، جناح، جنرل، سروسز اورگنگارام میں ڈاکٹرزاورنرسزآوٹ ڈورزمیں مریضوں کوطبی سہولیات فراہم کررہے ہیں،ایک ہزار مریضوں کو چیک کیا گیا ۔دریں اثنا گجرات سے ڈسٹرکٹ رپورٹر کے مطابق عزیز بھٹی شہید ٹیچنگ ہسپتال کے آؤٹ ڈورز، آپریشن تھیٹرز، ریڈیالوجی، پتھالوجی ڈیپارٹمنٹ میں کا م بند رہا ۔مزید براں پشاور سے نیوز رپورٹر کے مطابق گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے خیبر پختونخوا کے ہسپتالوں میں ہڑتال 17ویں روز بھی جاری رہی ، صوبے بھر کے ہسپتالوں میں ڈاکٹروں نے او پی ڈی سروس کا مکمل طور پر بائیکاٹ کیا اور صرف ایمرجنسی میں مریضوں کو علاج کی سہولیات فراہم کی گئیں، ڈاکٹروں کی جانب سے صوبائی اسمبلی چوک میں بھی دھرنا دیا گیا تھا، سینئر ڈاکٹرزکے وفد نے محکمہ صحت کے حکام کو گرینڈ ہیلتھ الائنس کے مطالبات سے آگاہ کیا۔