پشاور(92نیوز،نیٹ نیوز ) ایبٹ آباد سے تعلق رکھنے والی 10 سالہ کوہ پیما سلینا خواجہ کی عمر تو چھوٹی ہے لیکن حوصلے چٹان جیسے ہیں اور ارادے دنیا کا بلند پہاڑ ماؤنٹ ایورسٹ کرنے کے ہیں۔ 10 سالہ کوہ پیما سلیناخواجہ نے ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کا ارادہ کرلیا ہے ، اگر سلینا خواجہ ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہے تو وہ امریکہ اور بھارت کا ریکارڈ توڑ کر کم عمر ترین کوہ پیما کا اعزاز حاصل کرلے گی۔ ننھی کوہ پیما سلینا خواجہ نے بلند ترین چوٹی عبور کرنے کی تیاری کرلی ہے ۔سلینا خواجہ شمشال وادی میں واقع 5 ہزار 765 میٹر بلند چوٹی سر کرچکی ہیں۔سلینا خواجہ کا کہنا ہے کہ ان کے والد خواجہ یوسف فزیکل انسٹرکٹر ہیں اور اس مقام تک پہنچنے میں ان کے والد کی کافی محنت شامل ہیں، انہوں نے کافی ہمت دی اور اب تک جتنی بھی چوٹیاں انہوں نے سر کی ہیں اس میں ان کے والد کی حوصلہ افزائی اور محنت شامل ہے ، سلینا نے شمشال کی چوٹی موسم سرما میں سر کی تو انہوں نے کم عمر ترین کوہ پیما بننے کا اعزاز حاصل کیا۔کم عمر کوہ پیما کو ماؤنٹین کوئین یعنی پہاڑوں کی ملکہ کا بھی خطاب دیا گیا ہے ۔ سلینا کے والد خواجہ یوسف کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کے کافی حوصلے بلند ہیں اور اب وہ سکردو میں سات ہزار میٹر بلند چوٹی سپن ٹک سر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جبکہ ننھی کوہ پیما سلینا خواجہ نے گزشتہ روز پشاور میں سینئر وزیر برائے سیاحت،کھیل وامورنوجوانان محمد عاطف خان سے ملاقات کی،صوبائی وزیر نے سیلینا خواجہ کو ہر قسم تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کو آپکی ہمت اور جذبے پر فخر ہے ۔