لاہور،سمہ سٹہ، ملتان، چولستان، بہاولپور (کامرس رپورٹر،خبرنگار،نامہ نگار،92نیوزرپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گزشتہ روز بہاولپور کے علاقے چولستان کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کے ریزارٹ کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بہاولپور کیلئے منصوبوں کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چولستان ڈیزرٹ ریلی2021ئکی تقریب میں شرکت کی۔انہوں نے ٹی ڈی سی پی چولستان ڈیزرٹ ریزارٹ کا افتتاح کیا اوربہاولپور کیلئے سیاحتی ڈبل ڈیکر بس سروس کا افتتاح کیا ۔ وزیراعلیٰ نے ڈبل ڈیکر بس کا معائنہ کیا اور 300 روپے کی پہلی ٹکٹ بھی خر یدی۔ وزیراعلیٰ نے سول ہسپتال بہاولپور کو نواب سر صادق محمد خان عباسی کے نام سے منسوب کردیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ سیاحت میرے دل کے بہت قریب ہے ۔ صورتحال میں بہتری آنے پر سیاحتی سرگرمیاں بحال ہو رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہاولپور کے عوام سے کیاگیاایک اور وعدہ پورا کر دیا ہے ۔ ڈبل ڈیکر بس سروس بہاولپور کے شہریوں کیلئے تحریک انصاف کی حکومت کا تحفہ ہے ۔ ماڑی سے چولستان تک پنجاب کو ٹورسٹ حب بنائیں گے ۔ پنجاب میں سیاحت کو فروغ دینے کا بہت پوٹینشل ہے اور پنجاب سیاحت کے حوالے سے مثالی صوبہ بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہر علاقے میں جا رہا ہوں اور تمام منصوبوں اور عوامی مسائل کا خود جائزہ لیتا ہوں۔سینٹ کے الیکشن کیلئے امیداورو ں کا اعلان ہو چکا ،سینٹ الیکشن میں کامیابی حاصل کریں گے ۔مقامی حکومتوں کے انتخابات جلد ہوں گے ۔ وزیراعلیٰ نے دل وش سٹیڈیم میں چولستان ڈیزرٹ ریلی2021کی تقریب میں شرکت کی۔ پیرا گلائیڈرز نے سٹیج کے قریب نچلی پرواز کرتے ہوئے سلامی دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈرٹ بائیک ریس کا مشاہدہ کیا اور ڈرٹ بائیک ریس میں شریک بائیکرز کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فوڈ کورٹ اور مقامی دستکاریوں کے سٹالز کا دورہ کیا اور سٹالز پر رکھی اشیاء میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے چیئرنگ کراس دھماکے کے شہدا کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں شہداکو خراج عقیدت پیش کیا ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے ریڈیو کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ریڈیو ابلاغ عامہ کا بہترین اور مؤثرذریعہ ہے ۔