اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی رہنما ابرار الحق کو چیئرمین ہلال احمر پاکستان سوسائٹی مقرر کرنے کے نوٹی فکیشن کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے ۔ سابق چیئرمین سعید الہٰی کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ ان کی مدت ملازمت 9 مارچ 2020 کو مکمل ہو گی ۔ اس سے قبل نوٹس دیئے بغیر ابرار الحق کی تعیناتی غیر قانونی ہے ۔ پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کے سابق چیئرمین ڈاکٹر سعید الہی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست جمع کرائی گئی ہے جس میں وفاق کو سیکرٹری کابینہ ڈویژن، صدر مملکت، وزارت صحت اور ابرارالحق کو فریق بنایا گیا ہے ۔ درخواست میں کہا گیا ہے ابرار الحق ایک ہسپتال اور پرائیویٹ کالج چلانے کے علاوہ اپنی این جی او سہارا فاؤنڈیشن کے لیے خیرات اور فنڈز بھی اکٹھے کرتے ہیں،صدر پاکستان کی منظوری سے جاری کیا گیا ابرارالحق کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن کاالعدم قرار دیا جائے ۔