کراچی (سٹاف رپورٹر)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کا کہناہے کہ پاکستان کے بارے میں پھیلائے جانے والے منفی تاثرات کا خاتمہ کرنا ہوگا۔کراچی میں کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کامستقبل تابناک ہے ۔اپنی زندگی میں ہی ابھرتا ہواپاکستان دیکھ رہا ہوں، باصلاحیت نوجوان نسل پاکستان کی سرمایہ ہے ،پاکستان نے محدودوسائل کے باوجود ہرشعبے میں دنیامیں خودکومنوایاہے ،تاہم پاکستان کے بارے میں پھیلائے جانے والے منفی تاثرکاخاتمہ کرنا ہوگا۔جنرل زبیر محمود حیات کاکہنا تھاکہ جغرافیائی محل وقوع اورخطے کے چیلنجزکی وجہ سے پاکستان کاایٹمی صلاحیت پرانحصار بڑھ رہا ہے ۔ایٹمی صلاحیت دفاع کے ساتھ توانائی کی ضرورت پوری کرنے میں بھی اہم کردارادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سی پیک پاکستان کاگیم چینجر ہے ۔خطے سے گزرنے والے توانائی کے منصوبوں کی وجہ سے پاکستان کی اہمیت بڑھ گئی ہے جب کہ امن وامان کی صورتحال بہترہونے سے گزشتہ سال 20 لاکھ سیاح پاکستان آئے ۔جنرل زبیر نے کہا کہ گودار کے نزدیک ساحلی علاقوں میں ہائیڈروکاربن گیس کے وسیع ذخائرکی نشاندہی ہوئی جب کہ فاٹا آئندہ 5سال میں تیل و گیس کے نئے زرخیزعلاقے کے طورپرابھرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت میں خواتین کاکرداراہم ہے ۔پاکستان واحد اسلامی ملک ہے جس میں خواتین کو پارلیمان میں نمائندگی دی گئی۔یہ تناسب یورپ سے بھی زیادہ ہے جبکہ پاکستان کو 2 مرتبہ خاتون وزیراعظم منتخب کرنے کابھی اعزازحاصل ہے ۔