پشاور(92نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان سے ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے وفد نے ملاقات کی، اس موقع پرخیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ وفد کے اراکین میں ابوظہبی چیمبر آف کامرس کے ممبر خان زمان سرور، ڈاکٹر نیاز احمد خان، فضل احد باچا بزنس مین ابوظہبی ، زمرد بونیری اور دیگر شامل تھے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر نیاز نے پاکستان میں معاشی بحران کے خاتمے کیلئے وضع کردہ فارمولے پر بریفنگ دی اور کہا کہ فارمولے پر عمل درآمد کی صورت میں 30 روزمیں معاشی منظر نامہ یکسر تبدیل ہوسکتا ہے ۔ تقریباً 50 لاکھ مفت ملازمتیں فراہم کی جاسکتی ہیں اور پورے سال کے بجٹ کی ضروریات پوری ہوسکتی ہیں، انہوں نے کہا کہ اشیائے خورونوش کی قیمتیں آدھی ہوسکتی ہیں، تمام ٹیکس اور ڈیوٹیز ختم کی جاسکتی ہیں، یہ ایک زیرو رسک فارمولہ ہے جس کیلئے حکومت کو پیسہ خرچ کرنا پڑیگا نہ ہی کسی کا نقصان ہوگا۔ سود فری بینکنگ کو فروغ دیا جا سکتا ہے ۔انہوں نے فارمولے کے مختلف فیچرز، عمل درآمد کے طریقہ کار ، تیز رفتار نتائج اور مانیٹری فنڈ کے قیام پر تفصیلی بریفنگ دی ۔ وزیراعلیٰ نے معاشی انقلاب کیلئے مجوزہ فارمولے کو سراہا اور کہا کہ پاکستان میں اس فارمولے پر عمل درآمد کا بنیادی فیصلہ وفاقی حکومت کر سکتی ہے ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وہ اس معیشت دوست پیغام اور فارمولے کو وفاقی سطح پر پیش کرنے میں تعاون کرینگے ، وفد نے آئندہ سال دبئی میں ہونے والی ورلڈ ایکسپو سے بھی اجلاس کو آگاہ کیا ۔ وفد نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات خصوصاً دبئی اور ابوظہبی کے متعدد سرمایہ کار اور کمپنیاں خیبرپختونخوا میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں ۔