لاہور (عمران راج) معروف اداکار ہمایوں سعید نے 92 نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہاہے کہ ستارہ امتیاز ملک کا بہت بڑا اعزاز ہے ، میں خود کو ابھی اس کا حقدار نہیں سمجھتا، ابھی میں نے ملک اور فلم، ٹی وی انڈسٹری کے لیے بہت کچھ کرنا ہے ۔ان تمام لوگوں کا شکریہ جنہوں نے مجھے ستارہ امتیاز دینے کا مطالبہ کیا تھا۔’’ پروجیکٹ غازی‘‘ ایک منفرد فلم ہے جس میں کامیڈی اور کوئی گانا نہیں ہے ، یہ انگلش فلموں کی طرز پر بنی ہے جس کا دورانیہ بھی ایک گھنٹہ 45 منٹ ہے ۔مختلف موضوعات کی فلمیں بننا چاہئیں، یہی موقع ہے کہ ملکی فلمیں سینما گھروں پر راج کرتی نظر آئیں۔فلم’’پروجیکٹ غازی‘‘ 29مارچ کو سنیماؤں کی زینت بنے گی ۔فلم کی ہیروئن سائرہ شہروز نے کہا کہ اس فلم میں بہت منفرد کردار نبھایا ہے ،فلم میں کام کا تجربہ شاندار رہا، امید ہے شائقین کو ضرور پسند آئے گی۔