لاہور ( نامہ نگار خصوصی ، مانیٹرنگ ڈیسک ) کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کیخلاف آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں نیب نے مریم نواز کو بھی شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔نیب لاہور کے مطابق مریم نواز کے کیپٹن (ر) صفدر کی بے نامی دار ہونے کے شواہد ملے ہیں، کیپٹن صفدر نے مریم نواز کے نام پر سندر میں 109 ایکڑ اراضی، موضع مال میں 377 کنال 12 مرلے ، موضع بدوکی میں 62 کنال 2 مرلے اور رائیونڈ روڈ پر 14 کنال 1 مرلے کی قیمتی زمین خرید رکھی ہے ، مریم نواز تحصیل رائیونڈ میں 200 ایکڑ کی اراضی کی بے نامی دار ہیں۔ نیب دستاویزات کے مطابق کیپٹن صفدر کے ذرائع آمدن کیا ہیں، مکمل تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔دریں اثناسول جج سید جہانزیب بخاری نے شریف فیملی کے خلاف چار ہزار کنال اراضی قبضہ کیس کی سماعت 18مارچ تک ملتوی کرتے ہوئے وکلاکو جرح کے لئے طلب کرلیا ۔عدالت میں شریف فیملی کے خلاف جاتی عمرہ میں چار ہزار کنال اراضی غیر قانونی قبضہ کیس کی سماعت شروع ہوئی تودرخواست گزار کی جانب سے پراپرٹی کے متعلق مزید ثبوت پیش کئے گئے ،جس میں کہا گیاہے کہ شریف فیملی نے جاتی عمرہ میں ہمارے آباو ٔاجداد کی طرف سے ملنے والی چار ہزار ایکڑزمین پر غیر قانونی طور پر قبضہ کیاہے ۔