لاہور،سکھر(اپنے نیوز رپورٹر سے ،بیورورپورٹ ) احتساب عدالت سکھر کے جج فرید انور قاضی نے پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ ،ان کی بیگمات، صاحبزادوں، داماد سمیت 18 افراد کیخلاف ایک ارب23 کروڑ روپے سے زائد کے اثاثے بنانے کے ریفرنس پر سماعت مختصر سماعت کے بعد چوبیس اگست تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت لاہور کے جج امجد نذیر چودھری نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احدچیمہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں17 اگست تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر مزید گواہان کو طلب کر لیا، احتساب عدالت نمبر ایک کے جج اسد علی نے زائد اثاثہ جات کیس میں ایس ایس پی جنید ارشدکے جوڈیشل ریمانڈ میں21 اگست تک توسیع کرکے آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد کئے جانے کے حوالے سے دلائل طلب کر لئے ۔ احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج سجاد احمد نے ریونیو ڈیپارٹمنٹ لاہور میں مبینہ مالی کرپشن پرملزم رفاقت علی کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دیدیا۔ احتساب عدالت لاہور نے سابق چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈآصف ہاشمی کے خلاف میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کے کیس کی سماعت 17 ستمبر تک ملتوی کرکے مزید گواہان کو طلب کر لیا۔ احتساب عدالت نے آن لائن ٹریڈ کے نام پر 27 کروڑ روپے کے فراڈ کیس میں خدیجہ ٹریڈرز کے مالک قاسم بلال، مینجر محمد ارشان الہی اور غلام مصطفی کے جوڈیشل ریمانڈ میں 26 روز توسیع کر دی۔