لاہور (کامرس رپورٹر) تاجروں اور حکومت کے درمیان سردجنگ اکانومی کو تباہ کرے گی۔ حکومت کا فرض ہے کہ وہ تاجروں کو مذاکرات کے لیے بلائے ۔ عزت و احترام سے ان کی بات سنے اور ان کے مسائل حل کرے جس سے بزنس چلے گا اور حکومت کا ریونیو بڑھے گا۔ ان خیالا ت کا اظہار فائونڈر زگروپ کے رہنما اور ایوان صنعت و تجارت کے سابق سینئر نائب صدر خواجہ خاور رشید نے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں نے تنگ آکر ملک گیر ہڑتال کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ بزنس پہلے ہی زوال پذیر ہے اور معیشت کی حالت بھی ایسی نہیں ہے کہ وہ ہڑتال کا بوجھ برداشت کرسکے لہذا حکومت تاجروں کو فورا مذاکرات کے لیے بلائے اور ان کے مسئلے حل کرے ۔ خواجہ خاور رشید نے کہا کہ اکانومی کی مضبوطی کے لیے حکومت اور تاجر برادری کا مل کر چلنا ضروری ہے لیکن ٹیکسوں کے نظام پر دونوں کے درمیان اتفاق نہیں ہوپایااور نوبت ہڑتال تک پہنچ گئی ہے جو تشویشناک ہے ۔