اسلام آباد(وقائع نگار، صباح نیوز، این این آئی) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کا پلینری اجلاس فرانس کے دارالحکومت پیرس میں آج (اتوار) سے شروع ہو گا جو 21 فروری تک جاری رہے گا،پاکستان کاوفد ایف اے ٹی ایف اجلاس میں شرکت کے لئے پیرس روانہ ہوگیا،اجلاس میں پاکستان کو فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی گرے لسٹ سے نکالنے یا ستمبر تک کی مہلت دینے سے متعلق فیصلہ کیا جائے گا۔پاکستان کو اجلاس میں شریک 39 ممالک کے نمائندوں پر مشتمل فیٹف تنظیم میں کسی بھی خطرناک فیصلے سے بچنے کیلئے 3 ووٹ درکار ہیں تاہم پاکستان کو ان کے مقابلے میں سعودی عرب، ترکی، ملائشیا، چائنا، گلف کو آپریشن کونسل، امریکہ، یورپی یونین کی سفارتی حمایت حاصل ہوگئی، توقع ہے کہ سعودی عرب، ترکی، ملائشیا، چائنا، کینیڈا، امریکہ، برطانیہ، روس، سنگاپور، اٹلی، جاپان، فرانس، جرمنی، یونان، ارجنٹینا، آسٹریلیا کی حمایت ملنے کی صورت میں پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا متفقہ فیصلہ ہو جائے گا۔وفاقی وزیراقتصادی امور حماد اظہر کی سربراہی میں پاکستان کا اعلیٰ سطح کا وفد پیرس چلاگیا جس میں ڈائریکٹر جنرل فنانشل مانیٹرنگ یونٹ، ڈائریکٹر جنرل وزارت خارجہ بھی شامل ہیں، وفد پیرس جائزہ مکمل ہونے تک قیام کرے گا۔علاوہ ازیں دوسری جانب سینئر سفارتی حکام کی اسلام آباد میں مختلف سفارتی مشنز کو بریفنگ دی گئی ۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ دو روز میں 30 سے زائد سفرا کو بریفنگ دی گئی ہے ، بریفنگ لینے والے سفرا میں امریکہ، برطانیہ، فرانس، جرمنی، آسٹریلیا سمیت مختلف ممالک کے سفرا شامل ہیں ۔یاد رہے بیجنگ اجلاس میں بھارت کی جانب سے پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کی مخالفت کی گئی تھی۔