لاہور(خبرنگارخصوصی)لاہور چیمبر کے صدر عرفان اقبال شیخ، سینئر نائب صدر علی حسام اصغراور نائب صدر میاں زاہد جاوید احمد مال روڈ سمیت دیگر سڑکوں پر دھرنوں اور احتجاجوں کے نہ رکنے والے سلسلے اور اس پر عائد پابندی کی دھجیاں اڑانے کے عمل کو شدید تنقید نشانہ بناتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ یہ سلسلہ فورا بند کرایا جائے کیونکہ اس کی وجہ سے کاروباری سرگرمیوں کو ناقابل تلافی نقصان ہورہاہے ۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ اہم سڑکوں پر آئے روز دھرنے اور احتجاج ایک مذاق بن کر رہ گیا ہے ، جس کا جب دل چاہے مال روڈ سمیت اہم سڑکیں بند کرکے تاجر برادری اور عوام کے لیے شدید پریشانی کا سبب بن جاتے ہیں، تجارتی سامان کی آمد و رفت رک جاتی ہے اور روز مرّہ کے معمولات بھی بہت بْری طرح متاثر ہوتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ مختلف ٹولے مال روڈ اور شہر کے دیگر حصوں میں بیٹھ کر احتجاجوں اور مظاہروں پر عائد پابندی کو اپنے قدموں تلے روند دیتے ہیں جو اب قابل برداشت نہیں رہا، پنجاب حکومت پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے ذریعے اس پابندی پر انتہائی سختی سے عمل درآمد کرائے ۔ انہوں نے کہا کہ مال روڈ ایک اہم تجارتی مرکز ہے اور اس کے گرد و نواح میں مزید بہت سی اہم مارکیٹیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ قانون کے تحت مال روڈ پر احتجاجی مظاہروں اور دھرنوں پر پابندی عائد ہے لیکن آئے روز اس قانون کی دھجیاں اڑا دی جاتی ہیں جس کی وجہ سے تاجروں کے کاروبار ٹھپ ہوجاتے ہیں اور شہر بھر میں بدترین ٹریفک جام کا مسئلہ پیدا ہوجاتا ہے جبکہ مظاہرین کی آڑ میں سماج دشمن عناصر بھی فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر متعلقہ اداروں کی خاموشی کی وجہ سے سڑکیں بلاک کرنے کا عمل شہر کے دیگر حصوں تک بھی جا پہنچا ہے ۔