کراچی، اسلام آباد ، فیصل آباد(سٹاف رپورٹر، وقائع نگار خصوصی، نیوزرپورٹر) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول نے کہاہے کہ احتساب عدالت سے سزا کے بعد قانونی حوالے سے نوازشریف کی گرفتاری تو قابل فہم ہے ، مگر مسلم لیگ نون کے راہنماؤں اور کارکنان کی گرفتاری کا آخر کیا جواز ہے ؟ اپنے ٹوئٹ پیغام میں انہوں نے کہا لاہور میں آخر کیوں محاصرے کا ماحول بنا؟ پرامن احتجاج جمہوریت کی بنیاد ہے ۔ علاوہ ازیں سابق صدر آصف زرداری نے مستونگ اور بنوں میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ نگران حکومت تمام سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کو تحفظ فراہم کرے ، نگران حکومت کو قانون کی رٹ بحال کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کے واقعات باعث تشویش ہیں۔ واقعے کے منصوبہ سازوں کو گرفتار کرکے بے نقاب کیا جائے ۔ دریں اثنا ہولو گرام ٹیکنالوجی کے ذریعے فیصل آباد کے نامزد امیدواروں کی انتخابی مہم کے دوران خطاب کرتے ہوئے بلاول نے کہا پیپلز پارٹی واحد سیاسی نظریاتی جماعت ہے اور ملک سے غربت اور بھوک مٹانے کے منشور پر عمل پیرا ہے ۔ پیپلز پارٹی ہی اپنے منشور کے مطابق ملک سے غربت ، بھوک ،ناخواندگی اور بے روزگاری ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کو ہمیشہ سے ہی انتقامی سیاست کانشانہ بنایا گیا ۔ بلاول کے ترجمان مصطفی نواز کھوکھر نے الزام عائد کیا ہے کہ بلاول بھٹو کے جہاز کو لاہور ایئرپورٹ سے اڑنے سے روک دیا گیا۔ چیئرمین پی پی پی کو لاہور سے پشاور جانا تھا،سول ایوی ایشن نے کچھ دیر پہلے لاڈلے عمران خان کا جہاز جانے دیا گیا مگر بلاول بھٹو کو روک دیا گیا ۔انہوں نے کہا نگران حکومت اور انتظامیہ کا رویہ لاڈلے کے ساتھ اور پی پی پی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ اور ہے ، الیکشن کمیشن ان رکاوٹوں کا نوٹس لے ۔