اسلام آباد(سپیشل رپورٹر؍ 92 نیوز رپورٹ) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ احتجاج کی آڑ میں شرپسند عناصر کوامن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وفاقی کابینہ نے کورونا کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام سے اپیل کی کہ ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ۔ کابینہ نے برآمدات میں اضافے کے لئے رجسٹریشن اتھارٹی کے قیام،امن امان کی صورحال کے پیش نظر مختلف شہروں ( لاہور، راولپنڈی،ملتان، گجرات، بہاولپور، منڈی بہائوالدین، جہلم اور بہاولنگر) میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دی۔وزیر اعظم عمران خان کے زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں 27 نکاتی ایجنڈے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق مذہبی جماعت کی جانب سے ملک گیر احتجاج پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم نے اجلاس میں بتایا کہ حکومت تحریک لبیک کے ساتھ مسلسل مذاکرات کررہی تھی لیکن یہ ایک طرف مذاکرات تو دوسری طرف مارچ کی تیاری کر رہے تھے ،مذہبی جماعت کے متوقع مارچ میں شرپسند عناصر کے فائدہ اٹھانے کی اطلاعات تھیں لیکن احتجاج کی آڑ میں شرپسند عناصر کوامن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔وزیر اعظم نے کہا آئندہ 24 گھنٹے اہم ہیں، امید ہے حالات بہتر ہو جائیں گے اور ہم معاہدے کے مطابق مذہبی جماعت کے مطالبات پارلیمنٹ میں پیش کریں گے ۔ سیکرٹری کابینہ کی جانب سے وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ کابینہ کو سمریوں کی ترسیل و دیگر کارروائی کا تمام عمل ڈیجیٹل کردیا گیا۔ وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کابینہ کو کورونا صورتحال پر بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ رمضان المبارک میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے گا۔وفاقی کابینہ کو بندرگاہوں پر وصول کی جانے والی فیس (پورٹ چارجز) میں کمی لانے کے حوالے سے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔لاہور کے حکومت کے اہم ترین اقدام لاہور میں سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے قیام میں پیش رفت کے حوالے سے بتایا گیا والٹن منصوبے کا پہلا مرحلہ تقریبا اٹھارہ ماہ میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیاگیا ہے ۔کابینہ نے جیوگرافیکل انڈیکیشنز (رجسٹریشن اینڈ پروٹیکشن) ایکٹ2020کے تحت پاکستانی مصنوعات کی رجسٹریشن اور اس حوالے سے متعلقہ اتھارٹی کی منظوری دی۔ نیشنل کمیشن فار نیشنل کمیشن برائے خواتین کی چیئر پرسن ، نیشنل کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرپرسن اور ممبران کی تعیناتی کے حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو مدنظر رکھتے ہوئے کابینہ نے ہدایت کی کہ اس حوالے سے اشتہار دیا جائے ۔وفاقی کابینہ نے وزٹ اور ٹوراسٹک کیٹیگری کی مد میں قلیل المدت میڈیکل ویزہ اور ایکسٹینڈڈ ٹرم میڈیکل ویزہ ) کی کیٹگری کی فیس کے تعین کرنے کی منظوری دی۔ کابینہ نے پاکستان آن لائن ویزہ کے حصول کی مد میں ڈپلومیٹک اور آفیشل پاسپورٹ ہولڈرز کے لئے پراسسیسنگ فیس مستثنیٰ قرار دینے کی منظوری دی۔ کابینہ نے امن و امان کی صورحال کے پیش نظر مختلف شہروں ( لاہور، راولپنڈی،ملتان، گجرات، بہاولپور، منڈی بہائوالدین، جہلم اور بہاولنگر) میں رینجرز کی تعیناتی کی منظوری دی۔ کابینہ نے موجودہ چیئرمین سی ڈی اے کے اضافی چارج میں توسیع کی منظوری دی جبکہ منصور احمد کو سی ای او کراچی ٹولز، ڈائیز اینڈ مولڈز سنٹر تعینات کرنے ،بابرمعراج شامی کو چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان سٹون ڈویلپمنٹ کمپنی تعینات کرنے کی منظوری دی۔16 بیرون ملک پاکستانی سفارت خانوں میں نادرا سنٹرز ؍ڈیسک کے قیام کی منظوری دی، اس نظام کو چار ہفتوں میں فعال کر دیا جائے گا ۔کابینہ نے وفاقی دارالحکومت میں لٹی گینٹس فسیلیٹیشن سنٹر (Litigants Facilitation Centre) کے قیام کی منظوری دی۔کابینہ نے فیصلہ کیا کہ گیس کمپنیاں گیس ڈویلپمنٹ سکیم کے علاقے میں واقع ہر گائوں میں تین سو درخواستوں کو پراسس کریں گی۔ کابینہ نے جینکو ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کی آسامی کے لئے بورڈ آف ڈائریکٹرز جی ایچ سی ایل کو ہدایت کی کہ اس حوالے سے عوامی اشتہار کا اجراء کیا جائے اور اس دوران موجودہ سی ای او محمد عمران کو کام جاری رکھنے کی اجازت دی۔ کابینہ نے آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ کے سی ای او کی تعیناتی کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ نئے سی ای او کی تعیناتی تک شاہ جہاں مرزا ، ایم ڈی پی پی آئی بی، اس عہدے پر اضافی چارج کے تحت ذمہ داریاں سرانجام دیتے رہیں گے ۔ اجلاس میں میڈیم ٹرم بجٹ سٹریٹیجی پیپر برائے مالی سال 2021-22سے مالی سال 2023-24پیش کی گئی۔کابینہ کو بتایا گیا کہ رواں سال شرح نمو کا تخمینہ تقریباً تین فیصد ہے جو کہ آئندہ مالی سال میں بڑھے گا ۔ کابینہ نے میڈیم ٹرم بجٹ سٹریٹیجی پیپر کی منظوری دی۔کابینہ نے بجلی تقسیم کرنے کی چار کمپنیوں ( ڈسکوز) جن میں ٹیسکو، گیپکو ، میپکو اور سیپکو کے بورڈ آف ڈائریکٹر ز کی تنظیم نو کی منظوری دی۔وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا اگر کورونا کو اگلے دوہفتوں میں نیچے نہ لایا گیا تو صورتحال مزید خراب ہوجائے گی۔انہوں نے کہا پیپلز پارٹی کی پی ڈی ایم سے علیحدگی کے بعد حکومت مخالف بیانیہ اپنی موت آپ مرگیا، اپوزیشن کو مشورہ ہے اب استعفوں اور احتجاج کے بیانیے سے باہر نکلیں اور اصلاحات کے ایجنڈے پر آئیں، ہم انتخابی عمل میں بہتری کیلئے تجاویز دے چکے ہیں اور آپ کی تجاویز کا انتظار کر رہے ہیں، آگے بڑھیئے ۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا پاکستان دنیا کی پانچویں بڑی ریاست ہے ، فیصلے کسی گروپ پرنہیں چھوڑ سکتے ۔ وزیرداخلہ شیخ رشید نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اجلاس میں کسی کی رہائی کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں نہیں لینے دیاجائے گا۔علاوہ ازیں عمران خان نے اشیاء ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا رمضان المبارک میں اشیاء ضروریہ کی دستیابی اور قیمتوں کی سخت نگرانی کی جائے تاکہ غریب طبقے کو کسی مشکل کا سامنا نہ ہو، رمضان المبارک میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف قانونی کارروائی کو جاری رکھا جائے ،سحری اور افطار کے اوقات میں کوئی غیر اعلانیہ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی۔ وزیراعظم کے زیرصدارت الیکٹرانک ووٹنگ سسٹم پر اجلاس ہوا۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کو ٹو-وے ووٹنگ سسٹم مشین کا عملی مظاہرہ پیش کیا گیا۔مزیدبرآں وزیراعظم سے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ملاقات کی ۔وزیر اعظم آفس کے مطابق ملاقات میں صوبائی امور اور سیاسی صورتحال پر گفتگوکی گئی۔