اسلام آباد(نامہ نگار،92نیوز رپورٹ،این این آئی) چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے فواد چودھری کے نیب سے متعلق بیان’’ احتساب ہم کر رہے ہیں نیب نہیں‘‘کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی نیب راولپنڈی کو ہدایت کی ہے کہ بیان کی مصدقہ کاپی پیمرا سے حاصل کرکے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجیکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا ئے ۔نیب نے کہا فواد چودھری کا بیان حقائق کے منافی ہے جس سے نہ صرف ادارے کا تشخص مجروح ہو ا بلکہ یہ نیب کے ا فسران /اہلکاران ،جو ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کو اپنا قومی فریضہ سمجھتے ہوئے اپنے فرائض انتہائی محنت، لگن اور ایمانداری کے ساتھ سر انجام دے رہے ہیں ،کے کام کی بھی نفی ہے ۔ کرپشن کے حوالے سے حکومت پاکستان نے آج تک کوئی ریفرنس نیب کو نہیں بھیجا۔ نیب کی ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ کے لئے کاوشوں کومعتبر قومی اور بین الاقوامی اداروں نے سراہا ہے ،وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی کا بیان نیب میں جاری تحقیقات پر اثر اندازاوراس میں رکاوٹ پید ا کر سکتا ہے ۔