لاہور؍ملتان (اپنے نیوز رپورٹر سے ؍نمائندہ خصوصی سے ؍نیوز رپورٹر) احتساب عدالت نے لاہور پارکنگ کمپنی کرپشن کیس میں سابق لیگی ایم پی اے حافظ نعمان کو9 روزہ ریمانڈ پر نیب کے حوالے کردیا۔لیگی رہنمائوں اور تاجروں کی بڑی تعداد اظہار یکجہتی کے لئے جوڈیشل کمپلیکس میں موجود تھی جنہوں نے حافظ نعمان کے حق میں بھرپور نعرے بازی کی ۔نیب پراسیکیوٹر نے موقف اپنایا کہ لاہور پارکنگ کمپنی میں مالی بد عنوانی اور پیپرا رولز کی خلاف ورزی کے الزام میں 5 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا،تمام ملزمان کی ملی بھگت سے پیپرا رولز کو پامال کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر پارکنگ کنٹریکٹ گرین پارک اور این ٹی جی گروپس کو نوازا گیا۔دلائل کے بعد احتساب عدالت کے ڈیوٹی جج منیر احمد نے فیصلہ محفوظ کر لیا اور بعد ازاں ملزم کو 9 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں دیتے ہوئے حکم دیا کہ حافظ نعمان کو دوبارہ 8 دسمبر کو دوبارہ پیش کیا جائے ۔احتساب عدالت نے آشیانہ ہائوسنگ سکینڈل میں گرفتارفواد حسن فواد اور احد خان چیمہ سمیت ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 15 روز کی توسیع کر دی۔ دیگر ملزمان میں بسم اﷲ کنسٹریکشن کمپنی کے چیف ایگزیکٹو شاہد شفیق، بلال قدوائی اور امتیاز حیدر شامل ہیں۔احتساب عدالت نے اربوں روپے کے غبن کے کیس میں گرفتار نیشنل بینک کے وائس پریزیڈنٹ عثمان سعید کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 15 روزکی توسیع کر دی۔عدالت نے نیب کو آئندہ سماعت پر ملزم کے خلاف مکمل ریفرنس پیش کرنے کی ہدایت کر دی ۔احتساب عدالت ملتان نے ملتان میٹرو بس کی بے ضابطگیوں کے مقدمہ میں ملوث سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر سمیت9 ملزموں کا کیس ریفرنس پیش کرنے کیلئے نیب حکام کو مہلت دیتے ہوئے جوڈیشل ریمانڈ میں توسیع کرکے آئندہ 13 دسمبر کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔پنجاب ماس ٹرانزٹ اور پی اینڈ ڈی بورڈ نے ملتان میٹرو منصوبے پر نیب ملتان کو تفصیلی جواب دے دیا۔ذرائع کے مطابق چیئر مین پی اینڈ ڈی ڈی ہدایات پر نیب حکام کو مکمل دستاویزات فراہم کر دی گئی ہیں جس میں صوبائی ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کے اجلاس کی تفصیلات بھی شامل ہیں جبکہ پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی جانب سے بنائے گئے ورکنگ پیپر بھی ملتان نیب کوارسال کر دئیے گئے ہیں۔پیراگون ہائوسنگ سوسائٹی کے ایک متاثرہ شخص نعمان احمد شاہ نے نیب کو پیراگون کی واجب الادا رقم کی تفصیلات فراہم کر دیں۔