لاہور(اپنے نیوز رپورٹر سے ، این این آئی) احتساب عدالت لاہور نے مختلف کیسز میں قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز اور ان کے کزن یوسف عباس کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید14روز کی توسیع کر دی جبکہ نوازشریف کی میڈیکل رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا عدالت کو مطمئن کیا جائے کہ ان کی حالت سفر کے قابل نہیں ۔احتساب عدالت میں نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف، حمزہ شہباز اور یوسف عباس کے خلاف مختلف نیب کیسز کی سماعت ہوئی۔ جیل حکام نے منی لانڈرنگ کیس میں حمزہ شہباز جبکہ چودھری شوگر ملز کیس میں یوسف عباس کو عدالت میں پیش کیا،عدالت میں حمزہ شہباز کی حاضری مکمل کروائی گئی،جج امیر محمد خان نے منی لانڈرنگ کیس میں نیب کو جلد ریفرنس دائر کرنے کی ہدایت کر دی ۔نواز شریف کے وکیل نے حاضری معافی کی درخواست جمع کرا ئی گئی جو منظور کر لی گئی تاہم نیب نے نواز شریف کی تازہ میڈیکل رپورٹس جمع نہ کرانے پر اعتراض کیا۔احتساب عدالت کے جج امجد نذیر نے آشیانہ اقبال ریفرنس پر سماعت چودہ فروری تک ملتوی کردی، سابق پرنسپل سیکرٹری فواد حسن فواد ضمانت منظور ہونے کے بعد پہلی بار عدالت میں پیش ہوئے ۔ عدالت نے شہباز شریف کے نمائندے کے تاخیر سے پیش ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور انہیں باور کرایا کہ انہیں ہر صورت پہلی آواز پر عدالت میں پیش ہونا ہے ، اگر ایسا نہیں کرسکتے تو نمائندگی چھوڑ دیں، عدالت میں گواہ وقاص حیدر کا بیان قلمبند کیا گیا۔ احتساب عدالت لاہور کے جج چودھری امیر محمد خان نے شہباز شریف فیملی کے اثاثے منجمد کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت 14 فروری تک ملتوی کرکے منجمد اثاثہ جات کی نیب پراسیکیوٹر سے رپورٹ طلب کر لی۔ احتساب عدالت نے شہباز شریف ،حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کیلئے منی لانڈرنگ میں ملوث ملزمان قاسم قیوم ،فضل داد،مسرور انور، نثار احمد اور شعیب قمر کے جوڈیشل ریمانڈ میں مزید 14 روز توسیع کر دی۔ احتساب عدالت نے پنجاب یوتھ فیسٹیول سکینڈل کیس پر سماعت13 فروری تک ملتوی کردی، ملزم عثمان انور عدالت میں پیش ہوئے ، نیب پراسیکیوٹر نے کہا ریفرنس جلد دائر کر دیا جائے گا۔