اسلام آباد،لاہور(نامہ نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے ، 92نیوز رپورٹ،نیوزایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک ) احتساب عدالت نے اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی پر فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ۔ گزشتہ روزاحتساب عدالت اسلام آباد نمبر2کے جج محمد ارشدملک نے اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں کے ریفرنس میں فرد جرم عائد کرنے کیلئے تمام ملزموں کو2 جولائی کو طلب کر لیا جبکہ ملزموں کو ریفرنس کی نقول تقسیم کردی گئیں۔کیس میں یوسف رضا گیلانی، انعام اکبر،سلیم بیگ اور فاروق اعوان سمیت سات ملزم نامزد ہیں ۔ملزموں پر اشتہارات کے غیرقانونی ٹھیکوں سے قومی خزانے کو بھاری نقصان پہنچانے کا الزام ہے ۔علاوہ ازیں احتساب عدالت اسلام آباد کے ایڈمنسٹریٹو جج محمد بشیر نے جعلی اکائونٹس کیس میں گرفتار ڈاکٹر ڈنشا کے جوڈیشل ریمانڈ میں9 جولائی تک توسیع کردی ۔علاوہ ازیں نیب نے سابق ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی چودھری رشید کیخلاف قومی خزانے کو 28.5 ملین روپے نقصان پہنچانے کے الزام میں احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کر دیا ۔ ریفرنس میں اکاؤنٹس آفیسر پی آئی ڈی بادشاہ رحمان ، محمد رفیق خٹک اور کلرک محمد ایاز شریک ملزم ہیں۔ادھرنیب کی ٹیم حمزہ شہباز کو جسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر آج دوبارہ احتساب عدالت لاہور میں پیش کریگی۔ذرائع کے مطابق نیب نے حمزہ شہباز سے دوران ریمانڈ کی گئی تفتیش پر رپوٹ مرتب کر لی ہے ۔ نیب کی جانب سے عدالت میں موقف اپنایا جائیگاکہ حمزہ شہباز کے پروڈکشن آڈر جاری ہونے کی وجہ تفتیش میں دشواری پیش آئی،وہ روزانہ پنجاب اسمبلی چلے جاتے تھے ۔حمزہ شہباز کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائیگی ۔ علاوہ ازیں احتساب عدالت لاہور میں آشیانہ اقبال سکینڈل اور رمضان شوگر ملز کیس کی بھی آج سماعت ہو گی۔ حمزہ شہباز نیب کے ہاتھوں گرفتاری کے بعد آج پہلی بار اپنے والد سے عدالت میں ملاقات کرینگے ۔ ن لیگ نے پارٹی کارکنوں کو حمزہ شہباز سے اظہار یکجہتی کیلئے آج احتساب عدالت کے باہر پہنچنے کی کال دیدی ہے ۔علاوہ ازیں احتساب عدالت لاہورکے جج چوہدری امیر محمد خان نے مائنز اینڈ منرل ڈیپارٹمنٹ میں غیر قانونی ٹھیکے دینے کے کیس میں گرفتار سابق وزیر جنگلات پنجاب سبطین خان کومزید 8روزہ جسمانی ریمانڈپرنیب کے حوالے کردیا۔ پیشی کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے ۔دریں اثنا احتساب عدالت لاہور کے ایڈمن جج چودھری امیر محمد خان نے آئی پی پیزسے متعلق 300 ارب کی مبینہ کرپشن کے کیس میں ملوث ملزم سابق ڈی جی نیپرا سید انصاف احمد کے جسمانی ریمانڈ میں 10روزہ توسیع کر دی۔