لاہور،کراچی(نامہ نگار خصوصی،سٹاف رپورٹر) احتساب عدالت لاہور کے جج امجدنذیر چوہدری نے صاف پانی کمپنی ریفرنس میں شہباز شریف کی بیٹی رابعہ عمران اور دامادعمران علی کو اشتہاری قرار دے دیااوردونوں کی پاکستان میں موجود جائیدادوں کا ریکارڈبھی طلب کرلیا،دونوں کو عدالتی احکامات کے باوجودعدالت میں پیش نہ ہونے پر اشتہاری قرار دیاگیا،عدالت نے شریک ملزم قمر اسلام راجہ کی حاضری معافی کی درخواست منظور کرکے سماعت 3 اپریل تک ملتوی کردی۔ احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کیخلاف نیب کے گواہ عثمان انوار کا بیان قلمبند کرکے مزید گواہوں کودس مارچ کوطلب کرلیا ۔احتساب عدالت لاہور نے صوبائی وزیر سبطین خان کے خلاف چینوٹ مائنز اینڈ منرل کیس میں عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر ایس ایچ او اسلام آبادانڈسٹریل ایریا کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے اور ایس ایس پی کو حکم دیا کہ ایس ایچ او کو گرفتار کرکے تیرہ مارچ کو پیش کیا جائے ، سبطین خان نے عدالت میں پیش ہوکرحاضری مکمل کروائی۔ احتساب عدالت کراچی نے ڈاکٹرعاصم و دیگر کیخلاف 17 ارب روپے کرپشن کے ریفرنس میں گواہان کوطلب کرتے ہوئے سماعت 27 مارچ تک ملتوی کردی،ڈاکٹر عاصم کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظورکرلی گئی۔ احتساب عدالت کراچی نے کرپشن ریفرنس میں ملزم ثروت فہیم کی عدم پیشی کے باعث متحدہ رہنما رؤف صدیقی و دیگر پر فرد جرم ایک بار پھر موخر کرکے 18 مارچ کو تمام ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔