کراچی (سٹاف رپورٹر) وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہاہے سندھ میں احتساب کے نام پر سیاسی انتقام برداشت نہیں کیا جائے گا،ایسا ہوا تو پھرپورردعمل دیں گے ۔ نومنتخب صوبائی کابینہ کے ہمراہ مزار قائد پر حاضری کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہااگر تحریک انصاف کراچی پر توجہ دے تو مجھے خوشی ہوگی، نواز شریف اور شاہدخاقان عباسی نے بھی کراچی پرفوکس کیا تھا،25ارب کا وعدہ کیا گیا پچیس روپے بھی نہیں دیے گئے ،جو صوبہ زیادہ وسائل دیتا ہے اسے ترقیاتی فنڈز بھی اسی حساب سے ملنے چاہئیں، ملکی بہتری کے لئے اقدامات کی سب حمایت کرینگے ،سندھ سب سے زیادہ قومی آمدن میں شراکت کرتا ہے ،این ایف سی میں سندھ کو اُس کے حساب سے حصہ ملنا چاہیے ،وفاقی حکومت سے تعاون کریں گے مگریہ دوطرفہ ہونا چاہیئے ۔ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے موسم خریف کے دوران سندھ میں زرعی پانی کی قلت اورکرچی میں پینے کے پانی کی کمی پر تشویش کا اظہار کیا اورتفصیلی رپورٹ طلب کرلی،انہوں نے واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ وہ عید کے دوران کراچی کے شہریوں کو پانی کی مناسب فراہمی یقینی بنائے ،سیکری آبپاشی لاڑکانہ، دادو، بدین اور ٹھٹھہ کے اری گیشن سسٹم میں مناسب پانی کی فراہمی اورآخری سرے کے آباد گاروں کو بھی پانی کی فراہمی یقینی بنائیں۔