اسلام آباد( سپیشل رپورٹر) وزیراعظم عمران خان نے احساس ایمرجنسی کیش پروگرام کے تحت ایس ایم ایس سروس کا بدھ کو باضابطہ اجراکر دیا۔ ایس ایم ایس سروس سے نادار افراد کی شناخت میں مدد ملے گی، 8171 پر ایس ایم ایس بھیجنے سے نقد رقم کے حصول کی فراہمی سے متعلق جواب موصول ہو جائیگا۔ معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے وزیراعظم کو ایس ایم ایس سروس کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیراعظم نے جب اپنا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس سروس کے نمبر 8171 پر بھیجا تو یہ پیغام آیا کہ آپ سرکاری ملازم ہونے کی وجہ سے احساس ایمرجنسی پروگرام کیلئے اہل نہیں۔ ایس ایم ایس بھیجنے پر انہیں ایک جوابی ایس ایم ایس موصول ہو گا کہ وہ کس طرح رقم حاصل کر سکتے ہیں، اگر ان کی ڈیٹا بیس میں نشاندہی نہیں ہو گی تو انہیں متعلقہ ضلعی انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی جا ئیگی۔