نیویارک(نیٹ نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک ) بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان کو آئندہ برس ’’احساس پروگرام‘‘ پر عملدرآمد کیلئے 20 کروڑ ڈالر فراہم کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق دونوں فریقین نے نیویارک میں ایک ملاقات میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ۔ملاقات میں وزیراعظم عمران خان، احساس پروگرام کی چیئرپرسن ڈاکٹر ثانیہ نشتر اور بل گیٹس موجود تھے ۔مفاہمتی یادداشت کے مطابق بل اینڈ ملینڈا گیٹس فاؤنڈیشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی یہ رقم غربت کے خاتمے کے 134 منصوبوں پر خرچ کی جائے گی جبکہ بل گیٹس نے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ غربت کے خاتمے کیلئے مکمل حکومتی طریقہ کار ہونا ضروری ہے ،مستحکم ترقیاتی اہداف حکومتی طریقہ کار کے بغیر حاصل نہیں ہوسکتے ۔عمران خان نے انسداد پولیو کیلئے نئی حکمت عملی مرتب کرلی ہے ۔