اسلام آباد ( پ ر ) چیف وہپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر نے کہا ہے کہ جلد آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے نمائندہ وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات کروائی جائے گی۔ انہوں نے کہا احساس پروگرام اور ہیلتھ کارڈز میں بھی اخبار فروشوں کو شامل کیا جائیگا،آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے تاحیات سیکرٹری جنرل ٹکا خان نے ملتان کے اخبار فروش رہنمائوں کے ایک وفد کے ہمراہ چیف و ہیپ قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کی ۔ وفد میں ملتان اخبار فروشوں کے رہنما معاون خصوصی شیخ صلا ح الدین، ممبر فیڈریشن ملک عرفان اترا ،سینئر رہنما ملک مسعودالحسن مٹھو شامل تھے ، ٹکا خان نے ملک عامر ڈوگر کے ساتھ ملاقات میں ملک بھر کے اخبار فروشوں کو احساس پروگرام میں شامل کرنے پر زور دیا۔ ٹکا خان نے قومی اسمبلی کے چیف وہیپ ملک عامر ڈوگر کو بتایا کہ کورونا کی وجہ سے جہاں تمام شعبے متاثر ہوئے ہیں وہاں اخبار فروش بھی شدید مشکلات کا شکار رہے ہیں،مالی نقصان کے سلسلے میں ہم نے متاثرہ اخبار فروشوں کی ایک لسٹ وزارت اطلاعات کو فراہم کی ہے لیکن ابھی تک اس پر کوئی خاص عمل درآمد نہیں ہوا ۔ ملک عامر ڈوگر نے شیخ صلاح الدین، ملک عرفان اترا ،ملک مسعود الحسن کو ملتان کے اخبار فروشوں کے لیے خدمات کو سراہا اور یقین دلایاکہ صحافی کالونی کی طرز پر ملتان کے اخبار فروش بھائیوں کے لئے بھی وزیر اعلی پنجاب سے مل کر اخبار فروش کالونی کے لئے جدوجہد کروں گا۔