اسلام آباد،لاہور،کراچی(نامہ نگار،اپنے نیوز رپورٹر سے ،آن لائن،سٹاف رپورٹر)احتساب عدالت اسلام آباد کے جج محمدبشیر نے احسن اقبال وغیرہ کے خلاف نارووال سپورٹس سٹی سکینڈل میں ریفرنس دائرنہ ہونے پر برہمی کااظہار کرتے ہوئے پیشرفت اور گواہوں سے متعلق رپورٹ بیس جولائی تک طلب کرلی۔نیب حکام نے عدالت کو بتایا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے گواہان کے بیان قلمبند کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے ، بعض گواہان زیادہ عمر کے ہیں اورکورونا کی وجہ سے پیش نہیں ہورہے ۔ احسن اقبال کے وکیل نے کہا شواہد نہیں ہیں تو پھر گرفتار کیوں کیا گیا۔ احسن اقبال نے کہامیں کورونا کا شکار رہ چکالیکن پھر بھی پیش ہورہا ہوں، نیب انتظار کررہی ہے کہ انہیں کوئی وعدہ معاف گواہ مل جائے ۔جج محمد بشیر نے ریمارکس دیئے آپ ویڈیو لنک کے ذریعے گواہوں کے بیان ریکارڈ کرسکتے ہیں۔احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملزم انور مجید کے خلاف فرد جرم چھ جولائی تک موخر کردی، ویڈیو لنک کے ذریعے ڈاکٹر محبوب عالم نے ملزم انور مجید کو شناخت کرلیا۔احتساب عدالت لاہور نمبر دو کے جج نے ایڈن ہاؤسنگ سوسائٹی سکینڈل کیس کی سماعت28 جولائی تک ملتوی کرکے آئندہ سماعت پر نیب پراسیکیوٹر سے متاثرین کے ساتھ فراڈ کی گئی رقم کی تفصیلات طلب کر لیں۔ ریفرنس میں ایڈن ہاؤسنگ سوسائیٹی کے مالکان ڈاکٹر امجد ،مرتضی امجد، مصطفی امجد اور انجم امجد مبینہ مرکزی ملزمان نامزد ہیں۔