لاہور (پ ر) صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن اور وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کی رہنمائی میں وزارت اطلاعات میں کوئی کرپشن ہوگی نہ بدعنوانی ، قانون اور رولز ریگولیشنز کے مطابق کام چلائیں گے ۔ہر کام میرٹ پر ہوگاکسی کے ساتھ امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جائے گا۔ ریاست ، فوج ، عدلیہ ، مذہب ، اخلاقیات اور مسلمہ اقدار کے خلاف کسی بھی نوع کی غیر قانونی اور غیر آئینی تحریر یا پروگرام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ آئین اور قانون پر خود بھی چلیں گے اور چلائیں گے بھی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے زیر اہتمام ’’میٹ دی ایڈیٹرز ‘‘ پروگرام میں کیا۔ تقریب میں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی ، سابق صدر ضیاشاہد، سابق سیکرٹری جنرل اعجازالحق، سینئر نائب صدر امتنان شاہد ، نائب صدور ایاز خان اور رحمت علی رازی کے علاوہ کاظم خان اور دیگر نے بھی اظہارخیال کیا۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ سابقہ پالیسی کے مطابق دو قسم کے اخبارات تھے قومی اور علاقائی اورانہی کی بنیاد پر اشتہارات دیئے جاتے تھے لیکن موجودہ حکومت نے تین کیٹیگریاں بنادی ہیں ۔ قومی ، صوبائی اور علاقائی اخبارات،کسی بھی اخبار سے کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جائے گا۔ اسی طرح آڈٹ بیورو آف سرکولیشن اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں سے متعلق ہوگیا لیکن اس پر ابھی تک عمل نہیں کیاگیا ہم اس پر قانون سازی کریں گے اور اسمبلی کے آئندہ اجلاس میں اس سلسلے میں قانون لایا جائے گا تاکہ وہ معاملات جو معلق چلے آرہے ہیں ان کو نمٹایا جاسکے ۔انہوں نے واضح کیاکہ اشتہارات کے حوالے سے کوئی شکایت پیدا نہیں ہوگی۔ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ سابق حکومت کے دور کے جو اچھے منصوبے ہیں وہ چلتے رہیں گے ۔ ایک دوسرے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اشتہارات کی ادائیگی اخباری اداروں کو براہ راست کرنے پر بھی غور کیاجارہاہے ۔قبل ازیں سی پی این ای کے صدر عارف نظامی نے استقبالیہ کلمات ادا کرتے ہوئے معزز مہمان کو خوش آمدید کہا اور حکومتی میڈیا پالیسی کے بارے میں پائے جانے والے ابہام پر مدیران جرائد میں پائی جانے والی تشویش کا اظہارکیا اور اشتہارات کی تقسیم میں میرٹ پر عمل کرنے پر زوردیا ۔ سی پی این ای کے سابق صدر ضیا شاہد نے کہاکہ قومی ہیروزکے خاص دنوں میں خصوصی ایڈیشن کی اشاعت کے سلسلے میں محکمہ اطلاعات میں خصوصی سیل اور فنڈ قائم کیاجانا چاہیے تاکہ قوم خصوصا ہماری نئی نسل کو اپنے قومی ہیروز کے بارے میں آگاہی ہوسکے ۔ سینئر نائب صدرامتنان شاہد نے کہاکہ میڈیا پالیسی اور اشتہارات کے حوالے سے حکومتی ترجیحات واضح نہیں ہیں ۔سابق جنرل سیکرٹری سی پی این ای اعجاز الحق نے کہاکہ اشتہارات کی منصفانہ تقسیم اور شفافیت کو یقینی بنایا جائے ۔نائب صدر ایازخاں نے کہا کہ آزادی اظہار کو یقینی بنایا جائے ۔تقریب میں سید ارشاد احمد عارف، ایم اے رؤف، اویس رؤف،علی احمد ڈھلوں ، احمد شفیق، ذوالفقار راحت، اشرف سہیل، بابر نظامی، میاں عبدالغفار، توصیف احمد خان، انتظار حسین زنجانی ،تنویر شوکت، عابد علیم ،اسلم میاں ، بشیر احمد،نشید راعی ، امتیاز احمدروحانی، بشیر احمد خان، زبیر محمود،وقاص طارق فاروق، اکمل چوہان سمیت مختلف اخبارات کے ایڈیٹروں نے شرکت کی ۔