لاہور،اسلام آباد( حافظ فیض احمد،سپیشل رپورٹر، مانیٹرنگ ڈیسک) شیخ رشید احمد نے گزشتہ روز وفاقی وزیرریلوے کا قلمدان سنبھال لیا،انہیں بریفنگ دی گئی،شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے میں سیاسی مداخلت بر داشت نہیں کی جائیگی،وہی افسر رہے گاجو کام کرے گا،اخراجات کم کریں گے ،کرپشن کاخاتمہ کیاجائیگا،میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام نہیں ہوگا،پرائیویٹ سیکٹر کو محکمے میں آنے کی دعوت دیں گے ،32 ریلوے سٹیشن اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ،20ہزار نوکریاں دونگا۔ وفاقی وزیر کو دی جانیوالی بریفنگ میں چیئرمین وزارتِ ریلوے جاوید انور،سی ای او آفتاب اکبر،ایس پی پاکستان ریلوے پولیس راجہ ظہیر،سیکرٹری ریلوے بورڈ فرخ تیمورغلزئی،ڈی جی ٹیکنیکل منور علی شاہ اور ڈی جی آپریشنز مریم گیلانی بھی شریک ہوئے ۔ بریفنگ کے بعد روز نامہ92نیوز سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا کہ محکمے میں وہی افسر رہے گا جوکام کرے گا، وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق ریلوے میں بہتری لائی جائے گی اور اخراجات کم سے کم کریں گے ۔ میرٹ سے ہٹ کر کوئی کام ہو گا اور نہ ہی اس کی کسی کو اجازت دی جائے گی۔ٹرینوں کی حالت زار اور مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیں گے اور کوشش کی جائے گی کہ مسافروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کی جائیں ۔ انہوں نے کہا ریلوے کے بزنس میں اضافہ کیا جائے گا جس کے لئے ملٹی نیشنل کمپنیوں اور دیگر اداروں سے رابطے کریں گے ۔ انہوں نے کہا ریلوے کے مزدوروں کو سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد24اور25اگست کو ریلوے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کریں گے جہاں تفصیلی بر یفنگ دی جائے گی۔ اسلام آباد میں پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلویز شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ سی پیک کو ٹاپ ترجیح دے کر 160کی سپیڈ سے ٹرین چلائی جائے گی،ہمارے پاس پیسے نہیں نجی شعبے کو دعوت دے رہے ہیں،تیس دسمبر تک فریٹ کو دوگنا کردونگا،قابضین سے بیٹھ کر معاملات حل کریں گے ، 37 ارب روپے کا بہت بڑا خسارہ ہے خسارے کی وجوہات کی نشاندہی کریں گے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان ریلویز کے پروجیکٹ کی رفتار کو تیز کیا جائے گا اور لاہور اسلام آباد ڈھائی گھنٹے کا سفر رہ جائے گا، سی پیک کو ٹاپ ترجیح دے کر 160کی سپیڈ سے ٹرین چلائی جائے گی ،پاکستان ریلوے ریل پلازاقائم کرے گی ۔وفاقی وزیر ریلویز نے کہاکہ ریلوے اپنے ملازمین کے لئے ایک بیڈ اور دو بیڈ کے 5ہزار گھر بنائے گی، ریلوے کی زمینں بھی واگزار کرائی جائیں گے ۔ 8ڈرائی پورٹ کو اپ گریڈ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہاکہ 32 ریلوے سٹیشن اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کیا ہے میں بدلا نہیں ہوں شیخ رشید ہوں ، 20ہزار نوکریاں دونگا ۔ایران کے ساتھ ریل ٹریک کو بہتر کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے کہا خدا کوگواہ بنا کر کہتا ہوں کوئی وزارت نہیں مانگی ۔انہوں نے کہاکہ ریلویز ملازمین کی اگر پنشن کی ادائیگی حکومت کے خزانے سے کردی گئی تو سبسڈی نہیں لیں گے ۔