پاکپتن، اوکاڑہ، سیالکوٹ، قصور، خانقاہ ڈوگراں، محمد نگر ، گگو منڈی ، مظفر آباد ( ڈسٹرکٹ رپورٹرز، نامہ نگا ران، نیوز ایجنسی) مظفر آباد کے پہاڑی سلسلے میں تیز رفتار جیپ موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری ،ایک ہی خاندان کی 2 خواتین سمیت 5 افراد جاں بحق ہوگئے ، ایک بچی زخمی ہوگئی ، تیز رفتار جیپ کامسر ڈونگا کیس کے پہاڑی سلسلے میں موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی کی نذر ہوگئی، مقامی لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت نعشوں اور زخمی بچی کو گاڑی سے نکالا اور ہسپتال منتقل کردیا۔ خانقاہ ڈوگراں میں محکمہ ہائی وے کی نا اہلی کیوجہ سے ایک اور شہری حادثہ کی نذر ہوگیا، شہر کے درمیان بنائے گئے ڈیوائڈر نے ایک اور جان لے لی، اس سے قبل بھی اس کی وجہ سے متعدد افراد جاں بحق ہوگئے ہیں تاہم انتظامیہ تماشائی بنی ہوئی ہے ، حالیہ حادثہ میں طارق عزیز بائیک پر آرہا تھا، ڈیوایڈر پر ریفلیکٹر نہ ہونے کے باعث اس سے ٹکرا کر گر گیا اور ساتھ گزرنے والے ڈمپر ٹرک کے نیچے آکر روندا گیا اور موقع پر ہی چل بسا، اہل علاقہ نے حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ پاکپتن کے نواحی گاؤں 51 ایس پی میں تیزرفتار گاڑی کی ٹکر سے سڑک پار کرتی 65سالہ خاتون جاں بحق ہوگئی، ٹکر لگنے کے بعد نامعلوم خاتون کو زخمی حالت میں ٹی ایچ کیو ہسپتال لے جایا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔ گگو منڈی میں لاہورسے کراچی جانے والی ٹرین فریدایکسپریس کی زدمیں آکرنوجوان جاں بحق ہوگیا، فرید ایکسپریس جب مجاہدکالونی کے نزدیک پہنچی تو25سالہ نامعلوم نوجوان ریلوے لائن عبورکرتے ہوئے اس کی زد میں آگیا۔ اوکاڑہ میں نیشنل ہائی وے ٹول پلازہ کے قریب کار اور موٹر سائیکل میں تصادم ہو گیاموٹرسائیکل سوار خاتون جاں بحق اور اس کا عزیز شدید زخمی ہوگیا ، چک 57 ایل فائیو کی سمیرا اپنے عزیز کے ساتھ بائیک پر جا رہی تھی، ٹول پلازہ کے قریب پیچھے سے آنے والی تیز رفتار کار نے بے قابو ہوکر ٹکر مار دی، سمیرا موقع پر چل بسی، تحقیقات شروع کردی گئی۔ سیالکوٹ میں موٹر سائیکل اوررکشہ کی ٹکر کے باعث 22سالہ لڑکی جاں بحق ہوگئی، رکشہ ڈرائیور زخمی ہوگیا، تھانہ بیگووالہ کے علاقہ پپلی والا سٹاپ کے قریب حادثہ میں محلہ واٹر ورکس سمبڑیال کی اقرا جاں بحق ہوگئی۔ قصور میں پھول نگر ملتان روڈ جمبر کے قریب نامعلوم گاڑی تلے آکر ایک نوجوان جاں بحق ہوگیا، چھانگا مانگا کے نوا ح بھاگو بدوکی کا 18سالہ منیراحمد سڑک کراس کرتے لاہور سے پتوکی کی جانب جانے والی تیز رفتار نامعلوم گاڑی کی زد میں آکر چل بسا۔