اسلام آباد(سہیل اقبال بھٹی)وفاقی حکومت نے وزارتوں اور انکے ماتحت اداروں کی تنظیم نو کے نام پر بڑے فیصلوں کاسلسلہ شروع کردیا ہے ۔ وفاقی حکومت نے ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے قائم کمیٹی کی سفارش پر 3وزارتوں کے ماتحت 5اداروں کو تحلیل کرنے جبکہ 7وزارتوں کے ماتحت 19اداروں کو ضم کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ وزارت ٹیکسٹائل کو وزارت تجارت اور وزارت پوسٹل سروسز کو وزارت مواصلات میں ضم کرنے کی منظوری دی گئی ہے ۔ 5وزارتوں کے 9اداروں کو دوسری وزارتوں،صوبوں،گلگت بلتستان،اور اسلام آباد کیپیٹل ٹیرٹری کو منتقل کرنے کی منظوری دیدی ہے ۔ وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین کی سربراہی میں قائم کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے سمری تیار کی۔ تحلیل ہونے والے پانچ اداروں کے ناموں کو عوامی اور اپوزیشن کی ممکنہ تنقید کے باعث انتہائی خفیہ قراردیدیا گیا ہے ۔ کمیٹی نے تحلیل ہونیوالے اداروں کے ملازمین کے مستقبل کے حوالے سے کوئی سفارش نہیں کی۔ 92نیوز کوموصول سرکاری دستاویز کے مطابق وفاقی کا بینہ کی جانب سے وفاقی حکومت کی تنظیم نو کیلئے 15جولائی2019کوکمیٹی قائم کی گئی۔کمیٹی کے قیام کا مقصدٹاسک فورس کے ساتھ مل کر وفاقی حکومت کی تنظیم نو کے حوالے سے حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔کمیٹی کو 6ماہ کے اندر اپنی سفارشات تیار کرنے کی ہدایت کی گئی جبکہ ماہانہ بنیادوں پر پیشرفت رپورٹ کابینہ کو پیش کرنا بھی لازم قراردیا گیا تھا۔ کمیٹی کی جانب سے دوسری ماہانہ رپورٹ وفاقی حکومت کو پیش کی جاچکی ہے ۔کمیٹی کی جانب سے جولائی تا اگست کے مہینوں کی پیشرف رپورٹ 17ستمبر2019کو کابینہ کے سامنے پیش کی گئی۔پیش کی گئی رپورٹ میں خودمختار اداروں سے متعلق تجاویز شامل تھیں۔رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد کابینہ نے فیصلہ کیا کہ ایسی تمام تجاویز جن پر تمام وزارتوں،ڈویژن کا اتفاق ہے ان پر جلد از جلد عملدرآمد کرایا جائے ۔جبکہ ڈویژن،وزارتوں کی جانب سے جن تجاویز کی مخالفت کی گئی ان پر مزید مشاورت کرنے کی ہدایت کی گئی۔ستمبر سے اکتوبر کے دوران کمیٹی کے 5اجلاس منعقد کیے گئے ۔کمیٹی کی ہدایت پران تما م ایگزیکٹو اداروں،خودمختار اداروں،اور ایسے تمام ادارے جن کے اختیارات صوبوں کو منتقل کیے جانے کی تجویز دی گئی،جن اداروں کو ضم کرنے اور اداروں کو ختم کرنے کے حوالے سے فہرست متعلقہ وزارتوں اور ڈویژن کو ارسال کی گئی تاکہ وہ اپنا موقف پیش کر سکیں۔کمیٹی کی جانب سے ایگزیکٹو اداروں،خودمختار اداروں کے حوالے سے سفارشات کی متعلقہ وزارتوں اور وزیر اعظم آفس کی جانب سے منظوری دی گئی جس کے تحت 7وزارتوں کے 19اداروں کو ضم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ٹیکسٹائل ڈویژن کو کامرس ڈویژن اور پوسٹل ڈویژن کو وزارت مواصلات میں ضم کرنے کی تجویز دی گئی۔5وزارتوں کے 9اداروں کو دوسری وزارتوں،صوبوں،گلگت بلتستان،اور اسلام آباد منتقل کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔3وزارتوں کے 5تنظیمی اداروں کو تحلیل کرنے کی سفارش کی گئی۔ وفاقی حکومت نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی سمری پر غور کرنے کے بعد باضابطہ منظوری دیدی ہے ۔ 92نیوز کی جانب سے وزیراعظم کے مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹرعشرت حسین سے موقف اور تفصیلات حاصل کرنے کیلئے رابطہ کیا گیا۔ ڈاکٹر عشرت حسین نے وفاقی حکومت کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے تحلیل ہونیوالے اداروں اور متعلقہ وزارتوں کا نام بتانے سے معذوری کا اظہارکیا۔ ڈاکٹر عشرت حسین کا کہنا تھا کہ اصلاحات کا عمل شروع ہوچکا ہے ، جلد بہت سی تبدیلیاں نظر آئیں گی۔ وفاقی کابینہ کو ماہانہ بنیادوں پر رپورٹ پیش کی جارہی ہے ۔