لاہور،ملتان(این این آئی،صباح نیوز) گور نر پنجاب چودھری سرور نے کہا ہے کہ احتساب کے تمام ادارے مکمل طور پر آزاد ہیں اگر اداروں میں حکومتی مداخلت ہوتی تو کیا علیم خان گر فتار ہوتے ؟علیم خان سمیت ہمارے تین وزرا نے صرف الزامات پر استعفے دیکرنئی مثال قائم کردی ،پنجاب حکومت کے فیصلے وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار ہی کر رہے ہیں ہم سب انکو سپورٹ کرتے ہیں،ملک کے دیوالیہ ہونے کاخطر ہ ٹل چکا ہے ،پاکستان70سالوں سے ایڈک ازم پر چل رہا ہے مگر آنیوالی نسلوں کیلئے مضبوط اور خوشحال پاکستان چھوڑکرجانے کیلئے مشکل فیصلے بھی کیے جائیں گے حکومت کے سیاسی مخالف کو انتقام کا نشانہ بنانے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا‘ پاکستان کی تمام جیلوں میں پینے کے صاف پانی کے پلانٹس لگائیں گے اور2لاکھ روپے تک جر مانہ کی وجہ سے جیلوں میں قید قیدیوں کو رہائی دلائیں گے ۔ سنٹر ل جیل ملتان میں فلٹریشن پلانٹس لگانے کے موقع پر میڈیا ، اراکین اسمبلی اورپارٹی کارکنان سے گفتگو کر تے ہوئے گور نر پنجاب نے کہا کہ قیدی خواتین کو جیلوں میں مفت سلائی مشین بھی فراہم کی جا رہی ہیں تاکہ قیدی خواتین جیلوں کے اندر سلائی کڑھائی کا ہنر حاصل کر سکے ۔علاوہ ازیں گور نر پنجاب نے صوبائی محتسب پنجاب اور خاتون محتسب کے خلاف فیصلوں کیخلاف آنیوالی 152درخواستوں پر فیصلہ سنا دیا‘فوت شدگان سر کاری ملازمین کے اہل خانہ کو سر کاری ملازمتیں دینے ‘خواتین سر کاری ملازمین کو ہراساں کر نیوالوں کے خلاف سخت احکامات جاری ‘سر کاری زمینوں پر قبضوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کا حکم دیدیا ۔انہوں نے کہا کہ یکم جولائی سے جنوبی پنجاب کا سیکرٹریٹ بن جائے گا جب کہ طارق بشیر چیمہ پرانے دوست ہیں گلے شکوے تو ہوتے رہتے ہیں۔