لاہور( اپنے سٹاف رپورٹر سے )وزیراعظم کے معاون خصوصی اور نیشنل ٹورزم بورڈ کے چیئرمین سید زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ملک دشمنی اور اداروں کیخلاف بیانات دینے کے لئے نواز شریف کی صحت بالکل ٹھیک ہے ،حکومت کی کوشش ہے نواز شریف کو واپس لیا جائے اور اس کے لیے حکومت اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے تاہم یو کے کے بھی کچھ قوانین ہیں جن کے مطابق ہمیں چلانا ہو گا حکومت نے اپنی کوشش جاری رکھی ہوئی ہے ،ملک بھر کے سیاحتی مقامات پر انفراسٹرکچر تعمیر کیا جا رہا ہے ، پاکستان کو بین الاقوامی سیاحتی برانڈ بننے میں وقت لگے گا،خیبر پختوانخواہ کی طرح میں پنجاب میں ٹورازم اتھارٹی بنا رہے ہیں جو دو ماہ تک بن جائے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مشیر وزیراعلی برائے سیاحت آصف محمود، سیکرٹری احسان اﷲ بھٹہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ایم ڈی ٹورازم کارپوریشن تنویر جبار نے معاون خصوصی کو تفصیلی بریفنگ دی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سابق حکومت نے سیاحت کے شعبے پر زیادہ توجہ نہیں دی حالانکہ اس شعبے میں بہت پوٹینشل ہے ،ہماری حکومت سیاحت کے فروغ میں بہت سنجیدہ ہے ۔