کراچی( آن لائن )پاکستانی اداکار علی رحمان خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس میں وہ ایک ریسٹورنٹ میں کھڑے ہو کر ملازم سے تلخ کلامی کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں دیکھا گیا کہ علی رحمان نے ملازم سے تلخ کلامی کرتے ہوئے بار بار یہی سوال کیا کہ آپ کو پتہ ہے میں کون ہوں؟ کیا آپ نے کبھی مجھے ٹی وی پر دیکھا ہے ؟ آپ ایک ملازم ہیں اور آپ کا کام ہے میری بات ماننا، جس پر ملازم نے انہیں بارہا مسکراتے ہوئے کہا کہ سر آپ بالکل ٹھیک کہہ رہے ہیں ، برائے مہربانی آپ ناراض نہ ہوں لیکن علی رحمان نے ایک نہ سنی اور انہوں نے ہاتھ میں پیسے لہراتے ہوئے ملازم سے اونچی آواز میں کہا کہ میں آپ کو پیسے دے رہا ہوں۔ ویڈیو کے حوالے سے علی رحمان نے وضاحتی ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ یہ صرف اور صرف ایک سماجی تجربہ تھا اور اس کا مقصد ملک میں 'تم جانتے ہو میں کون ہوں' اور وی آئی پی کلچر کے خلاف آواز اٹھانا تھا۔