لاہور(کرائم رپورٹر)نجی ٹی وی کے پروگرام کے میزبان، اداکار اور گلوکار محسن عباس اور ان کی اہلیہ نے ایک دوسرے خلاف پولیس کو اپنے بیانات ریکارڈ کرا دیئے ۔ اہلیہ کی جانب سے محسن عباس پر تشدد کے الزامات لگائے گئے ہیں، محسن عباس نے کہا کہ الزامات بے بنیاد ہیں جن میں کوئی صداقت نہیں۔ گلوکار اور اداکار کے اپنی اہلیہ پر تشدد کرنے کے معاملہ کے حوالے سے پولیس نے محسن عباس اور ان کی اہلیہ فاطمہ سہیل کو طلب کر لیا۔دونوں میاں بیوی نے ایس پی کینٹ رضاصفدر کاظمی کو اپنے بیانات ریکارڈ کرائے ۔محسن عباس کی اہلیہ فاطمہ سہیل کا کہنا ہے کہ ان کے شوہر کو نفسیاتی مسائل کا سامنا ہے ۔چار سال کے دوران متعدد بار تشدد کا نشانہ بنایاگیا۔دوسری جانب محسن عباس کہتے ہیں کہ ان پر لگائے گئے الزامات بے بنیاد ہیں بیوی پر تشدد کیا نہ کبھی سسرال والوں سے کاروبار کی غرض سے کوئی پیسے لیے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ فریقین کے بیانات ریکارڈ کرلیے ہیں۔میرٹ پر تفتیش کی جائے گی اور معاملہ سلجھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔