لاہور(کلچرل رپورٹر)1992 میں پاکستان ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والے ڈرامہ سیریل ’’دھواں‘‘سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار، ہدایتکار اور مصنف عاشر عظیم نے پاکستان چھوڑ دیا۔اپنے ٹوئٹر پیغام میں عاشر عظیم نے وطن چھوڑنے کی تصدیق کرتے ہوئے لکھا، 'میں نے ملک چھوڑ دیا ، کیونکہ میں مایوس ہوگیا ہوں۔ شریف یا زرداری کی وجہ سے نہیں، یہ تو ہمیشہ ایسے ہی تھے ، میں یہاں کے لوگوں سے مایوس ہوگیا ہوں۔عاشر عظیم نے مزید لکھا،لوگ اصول کی بات نہیں کرتے ، اصول پر نہیں لڑتے ، اصول پر ہنستے ہیں، انہیں شریف، زرداری اور راؤ جیسے لوگ ہی ملیں گے ، بس نام تبدیل ہوجائیں گے ۔اپنے پیغام میں عاشرعظیم نے ڈرامہ سیریل ’’دھواں‘‘کا ایک سین بھی شیئر کیا،شاہکار ڈرامے دھواں کے تقریباً 20 سال بعد عاشر عظیم نے اپنی فلم ’’مالک‘‘ کے ذریعے شوبز میں واپسی اختیار کی تھی،عاشر عظیم پاکستان کسٹمز میں ایک اہم عہدے پر تعینات تھے لیکن کچھ ناگزیر وجوہات کی بنا پرملازمت سے استعفیٰ دیا اور پھر پاکستان بھی چھوڑ دیا اور اب وہ کینیڈا میں ٹرک چلاکر گزر بسر کر رہے ہیں، جس کی تصدیق انہوں نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کی۔