لاہور( شوبز ڈیسک) ماڈل و اداکارہ رابعہ بٹ ان دونوں اپنے آنے والے 2 ڈراموں کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جنہیں رواں سال کے اختتام سے قبل نشر کیے جانے کا امکان ہے ۔رابعہ بٹ کے دونوں ڈرامے ایک ہی پروڈکشن کمپنی کے بینر تلے بن رہے ہیں ۔انہوں نے اپنے فلمی کیریئر پر بھی بات کی اور اعتراف کیا کہ فاروق منگل کے ساتھ فلم ’ہجرت‘ میں کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا اور انہوں نے بہت کچھ سیکھا۔ ڈراموں کے حوالے سے رابعہ بٹ نے بتایا کہ ان کے دونوں ڈراموں کی کہانی اور کاسٹ انتہائی شاندار ہے اور شائقین کو منفرد مواد دیکھنے کو ملے گا۔ رابعہ بٹ نے بتایا کہ ان کے ایک ڈرامے کا نام ’’مجھے ودا کر‘‘ ہے ، جس میں ان کے ساتھ بڑی کاسٹ ایکشن میں دکھائی دے گی۔ انہوں نے بتایا کہ اس ڈرامے کی ہدایات احسن تابش دیں گے اور انہیں ان کے ساتھ کام کرکے بہت کچھ سیکھنے کو ملا۔ انہوں نے ڈرامے کی کہانی کے حوالے سے بتایا کہ ’مجھے ودا کر‘ ایک تھرلر ڈراما ہوگا اور شائقین کو فرحت اشتیاق کے قلم سے لکھی اس ڈرامے کی کہانی بے حد پسند آئے گی۔ انہوں نے اپنے دوسرے ڈرامے کے حوالے سے بتایا کہ اس کی کہانی بھی اچھی ہے ، تاہم وہ خاندان اور ایک ماں کے گرد گھومنے والی کہانی پر مبنی ہے ۔ ان کے مطابق ان کے دوسرے ڈرامے کی ہدایات میر سکندر دے رہے ہیں اور اس کی کاسٹ میں بھی ان کے ساتھ بڑے اداکار کام کرتے دکھائی دیں گے ۔ رابعہ بٹ نے کافی وقت کے بعد چھوٹی سکرین پر واپسی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ واحد اداکارہ نہیں ہے جو کافی وقت کے بعد اداکاری کرتی دکھائی دیں گی۔انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دور میں انہیں مسلسل اداکاری کرنے کا جنون تھا تاہم بعد میں انہیں احساس ہوا کہ ایک اداکار کو کردار کے پیچھے بھاگنا نہیں چاہیے بلکہ کردار خود اداکار کو ڈھونڈ لیتے ہیں۔