ممبئی،پشاور (92 نیوزرپورٹ،نیوزایجنسیاں )فلمی دنیاکے بے تاج بادشاہ، بھارتی لیجنڈ اداکار دلیپ کمار 98 برس کی عمرمیں انتقال کرگئے جس سے اداکاری کا ایک عہد ختم ہو گیا ، دلیپ کمارکی ممبئی میں نماز جنازہ کے بعد سرکاری اعزازکیساتھ جوہو قبرستان میں تدفین کردی گئی،بھارتی سیاسی قیادت اور فنکاروں نے انکی وفات پر اظہارافسوس کرتے ہوئے ا نہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔تفصیلات کے مطابق دلیپ کمار کچھ عرصہ سے سانس کی تکلیف میں مبتلاتھے ،انہیں کئی بار ہسپتال جانا پڑا، بھارتی میڈیا کے مطابق دلیپ کمار کو گزشتہ دنوں سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے نجی ہسپتال منتقل کیا گیا تھا ،دلیپ کمار کے ڈاکٹر جلیل پالکر کے مطابق اداکار نے بدھ کو اپنی آخری سانسیں صبح 7 بج کر 30 منٹ پر لیں۔ دلیپ کمار کے منہ بولے بیٹے و اداکار شاہ رخ خان بھی ان کے گھر پہنچ گئے ،شاہ رخ خان کی سائرہ بانو کے پاس بیٹھے دلاسہ دینے کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔اس کے علاوہ بالی وڈ کے نامی گرامی اداکار بھی تعزیت کیلئے دلیپ کمار کے گھر پہنچ رہے ہیں،ان کی تدفین میں کورونا ضابطہ کار کے تحت امیتابھ بچن سمیت صرف 20 افراد شریک ہوئے ۔دلیپ کمار پشاورکے محلہ خداداد میں 11 دسمبر1922 کو پیدا ہوئے ، اصل نام محمد یوسف خان تھا، دلیپ کمارنے 60سال تک فلمی دنیاپرراج کیا، ’’مغل اعظم، دیوداس، رام اور شام ‘‘جیسی فلمیں آج بھی ذہنوں میں تازہ ہیں ،شہنشاہ جذبات اورٹریجڈی کنگ کے القابات پائے ، عظیم فنکار کو انکی فنی خدمات پر کئی ایوارڈز سے بھی نوازا گیا، بھارتی حکومت نے دادا صاحب پھالکے سمیت کئی ایوارڈز سے نوازا،دلیپ کمار 1997 میں پاکستان آئے تھے جہاں حکومت پاکستان نے بھی دلیپ کمار کو اعلیٰ سول اعزاز ’’نشان امتیاز ‘‘ سے نوازا،خیبر پختونخوا حکومت نے دلیپ کمار کے آبائی گھر کو قومی ورثہ قرار دیا ،دلیپ کمارکی وفات پر بالی ووڈانڈسٹری اور دنیابھرمیں کروڑوں مداح سوگوارہوگئے ۔بھارت کے وزیراعظم نریندر مودی نے دلیپ کمار کو ملکی ثقافت کا سب سے بڑا نقصان قرار دیتے ہوئے ان کے انتقال پر دکھ کا اظہار کیا۔ مودی نے اپنے پیغام میں لکھا کہ اداکار کو ہمیشہ سینما کی یاد کے طور پر یاد رکھا جائے گا، انہوں نے اپنی شاندار اداکاری سے نسل در نسل ناظرین کے دِل جیتے ۔ بھارتی صدر رام ناتھ نے کہا دلیپ صاحب بھارت کی تاریخ اپنے اندر سموئے ہوئے تھے ، دلیپ کمار بھارتی عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہیں گے ، راہول گاندھی نے کہا کہ سنیما میں ان کی غیر معمولی شراکت آئندہ نسلوں کیلئے یادگار ثابت ہوگی۔ امیتابھ بچن نے کہا کہ آج لیجنڈ دلیپ کمار کے ساتھ فن کا ایک ادارہ بھی چلا گیا، یہ خلا کبھی نہیں بھر سکے گا،اجے دیوگن نے کہا کہ اب تک ان کے انتقال کا سننے کیلئے تیار نہیں تھا۔ اکشے کمار نے کہا کہ وہ اپنے ہمراہ بھارتی سنیما کا پورا دور لے گئے ہیں۔اداکار سنیل شیٹھی نے لکھا کہ آج کا دن بھارتی سنیما کے اختتام کا دِن ہے ،سلمان خان ،عامر خان اور دیگر فنکاروں نے بھی انکی وفات پر اظہار افسوس کیا ہے ۔