لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ ساہیوال میں مارے جانے والے دہشت گرد نہ ہوئے تو اہلکاروں کو سخت سزادی جائے گی۔ا نہیں نشان عبرت بنادیا جائے گا۔سی ٹی ڈی کا طریقہ کار جو ہوا ہے اس پر سوالات اٹھ رہے ہیں اگر وہ دہشت گرد بھی تھے توا ن کے خلاف ایسی کارروائی نہیں کی جانی چاہئے تھی۔ ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مسلم لیگ ق کے چودھری برادران کی وزیراعظم سے آج یا کل ملاقات ہوجائے گی جس کے بعد معاملات طے ہوجائیں گے ۔پروگرام بریکنگ ویوز ود92 میں میزبان اسداﷲ خان سے گفتگوکرتے ہوئے تجزیہ کار سعید قاضی نے کہاکہ جس گاڑی پر پولیس نے فائرنگ کی اسے دیکھ کر اندازہ ہوجانا چاہئے کہ وہ کتنی بھاگنے والی تھی۔مسئلہ یہ ہے کہ ماضی میں پولیس کو جب قبضہ گروپ کے تحفظ کیلئے استعمال کیا جاتا رہا ہے تو پھر پولیس کیسی بدلے گی۔مہذب دنیا میں اگر کوئی پولیس والا پستول نکالتاہے اور فائر نہیں کرتا تو اس کی اسے وضاحت کرنا پڑتی ہے لیکن یہاں پر بچوں کو مار کر دہشت گرد قرار دیاجاتاہے ۔ تجزیہ کار ضرار کھوڑو نے کہا کہ بدقسمتی سے ایسے واقعات ہمارے سسٹم کا حصہ رہے ہیں ۔تجزیہ کار احتشام الحق نے ساہیوال کے واقعہ پر کہا کہ ایک زمانے میں چیزیں چھپ جاتی تھیں لیکن اب میڈیا بہت تیزہے اور چیزوں کو چھپانا مشکل ہوگیا۔ شیخ رشید اوررانا ثنااﷲ کی بیان بازی پر کہا کہ عجیب صورتحال ہے کہ ایک طرف تو شہبازشریف پر کرپشن کے الزامات ہیں دوسری طرف انہیں پی اے سی کی چیئرمین بنایا گیاہے ۔توایسی صورتحال میں شیخ رشید کاکہناتو بنتا ہے