لاہور( نیٹ نیوز)’آنگن‘ اور ’پریم گلی‘ جیسے ڈراموں کی ہدایت کاری دینے والے قاسم علی مرید نے پروڈیوسر سعدیہ جبار سے شادی کرلی۔شادی کی تقریبات 26 سے 28 فروری تک لاہور میں ہوئیں۔دونوں کے ولیمے اور مہندی کی تقریبات کی متعدد ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں، جن میں عروہ حسین اور دیگر شوبز شخصیات کو گانوں پر رقص کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔قاسم علی مرید کی طرح سعدیہ جبار بھی اپنا پروڈکشن ہائوس چلاتی ہیں، ساتھ ہی وہ شارٹ فلمیں بھی بناتی ہیں۔شوبز شخصیات نے جوڑے کو مبارک باد بھی پیش کی ۔سعدیہ جبار اور قاسم علی مرید کے درمیان گزشتہ کچھ عرصے سے تعلقات تھے اور دونوں کو میڈیا کے سامنے بھی ایک ساتھ دیکھا جاتا تھا تاہم دونوں نے کبھی کھل کر ایک دوسرے سے محبت کا اظہار نہیں کیا۔قاسم علی مرید نے ڈراموں کے علاوہ فلموں کی ہدایت کاری بھی شروع کردی اور جلد ہی ان کی ہدایات میں بننے والی رومانوی فلم ’ٹچ بٹن‘ بھی ریلیز ہوگی۔’ٹچ بٹن‘ کو فرحان سعید اور ان کی اہلیہ عروہ حسین نے پروڈیوس کیا اور دونوں ہی اپنی فلم کے ہدایت کار قاسم علی مرید کی شادی میں شریک ہوئے ۔